مہاراشٹر اور ہریانہ میں بی جے پی کی فتح پر سوال: اروند کیجریوال نے کیا سازش کا دعویٰ
نئی دہلی،4/دسمبر (ایس او نیوز /ایجنسی) عام آدمی پارٹی کے رہنما اروند کیجریوال نے بی جے پی پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ عوام کے ووٹوں کو غیر مؤثر بنانے کی سازش کر رہی ہے۔ کیجریوال نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر دعویٰ کیا کہ بی جے پی نے ہزاروں ووٹروں کے نام ووٹر لسٹ سے خارج کرنے کے لیے درخواستیں دی ہیں۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ وہ جلد اس معاملے پر ایک اہم انکشاف کریں گے۔
کیجریوال نے مزید کہا کہ آیا مہاراشٹر اور ہریانہ میں بی جے پی نے بھی اسی طرح کی سازش کے ذریعے انتخابات جیتے ہیں۔ انہوں نے بی جے پی کو متنبہ کیا کہ دہلی میں ان کا منصوبہ کامیاب نہیں ہوگا۔ ان کے مطابق بی جے پی نے انتخابات میں دھاندلی کی کوشش کی ہے تاکہ عوام کے ووٹ کاٹ کر اپنی کامیابی کو یقینی بنایا جا سکے۔
مہاراشٹر اور ہریانہ میں حالیہ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کی غیر متوقع کامیابی نے سیاسی حلقوں میں ہلچل مچا دی ہے۔ جہاں ہریانہ میں کانگریس کے حق میں ماحول کے باوجود بی جے پی نے کامیابی حاصل کی، وہیں مہاراشٹر میں بھی بی جے پی نے مہاوکاس اگھاڑی کے مضبوط اتحاد کو شکست دی۔
یاد رہے کہ 2020 میں دہلی اسمبلی انتخابات میں کیجریوال کی پارٹی نے 70 میں سے 63 سیٹیں جیت کر شاندار کامیابی حاصل کی تھی، جب کہ بی جے پی کو صرف 7 سیٹوں پر کامیابی ملی تھی۔ اس کے بعد کیجریوال پر شراب گھوٹالے کا الزام لگا تھا اور انہوں نے جیل سے رہائی کے بعد وزیر اعلیٰ کی کرسی سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ اب جبکہ دہلی اسمبلی انتخابات 2025 میں ہوں گے جس کو دیکھتے ہوئے ابھی سے سیاسی سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں۔