جھارکھنڈ اسمبلی انتخاب: بی جے پی کی جانب سے 66 امیدواروں کی پہلی فہرست کا اعلان، چمپئی سورین کو بھی دیا گیا ٹکٹ

Source: S.O. News Service | Published on 20th October 2024, 10:55 AM | ملکی خبریں |

رانچی، 20/اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی)جھارکھنڈ میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے لیے بی جے پی نے امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کر دی ہے، جس میں 66 امیدوار شامل ہیں۔ اس فہرست میں 11 خواتین بھی شامل ہیں جو اسمبلی انتخابات میں اپنی قسمت آزمائیں گی۔ بی جے پی نے حالیہ لوک سبھا انتخابات میں ناکام رہنے والے 4 امیدواروں کو بھی اسمبلی انتخابات کے لیے ٹکٹ دیا ہے۔ یہ چار امیدوار سیتا سورین، سمیر اراؤں، سدرشن بھگت، اور گیتا کوڑا ہیں۔ سیتا سورین کو جامتاڑا (جنرل سیٹ) سے، سمیر اراؤں کو بشن پور سے، سدرشن بھگت کو گُملا سے، اور گیتا کوڑا کو جگن ناتھ کورٹ سے امیدوار نامزد کیا گیا ہے۔

امیدواروں کی اس فہرست میں جن بڑے لیڈران کے نام شامل ہیں، ان میں جھارکھنڈ کے سابق وزیر اعلیٰ اور جھارکھنڈ مکتی مورچہ چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہونے والے چمپئی سورین بھی ہیں۔ انھیں سرائے کیلا سے امیدوار بنایا گیا ہے۔ چمپئی کے بیٹے بابو لال سورین کو بھی ٹکٹ ملا ہے، وہ گھاٹ شیلا سے امیدوار ہوں گے۔ سابق وزیر اعلیٰ ارجن منڈا کی اہلیہ میرا منڈا کو پوٹکا اسمبلی سیٹ سے میدان میں اتارا گیا ہے۔ سابق وزیر اعلٰٗی رگھوور داس کی بہو پورنیما داس ساہو کو جمشید پور مشرق سے ٹکٹ دیا گیا ہے۔ اے بی وی پی کے سابق قومی صدر اور جھار کھنڈ بی جے پی کے سابق صدر دنیش آنند گوسوامی بھی انتخابی میدان میں نظر آئیں گے۔ انھیں بہرا گوڑا اسمبلی سے امیدوار بنایا گیا ہے۔ علاوہ ازیں سابق آئی پی ایس ارونا اراؤں کو سیسئی سے ٹکٹ دیا گیا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ بی جے پی کی قیادت والے این ڈی اے نے جمعہ کو اپنی حلیف سیاسی جماعتوں کے درمیان سیٹوں کی تقسیم کے فارمولے کا اعلان کیا تھا۔ اس فارمولے کے مطابق جھارکھنڈ میں بی جے پی 68، آل جھار کھنڈ اسٹوڈنٹس یونین (اے جے ایس یو) 10، جنتا دل یونائٹیڈ 2 اور لوک جن شکتی پارٹی (رام ولاس) 1 سیٹ پر اپنے امیدوار کھڑے کرے گی۔

بی جے پی کی جانب سے امیدواروں کی جاری کردہ فہرست سے ایک بات واضح ہو رہی ہے کہ بی جے پی نے پھر سے پرانے اراکین اسمبلی پر ہی بھروسہ ظاہر کیا ہے۔ ساتھ ہی کچھ نئے چہروں کو بھی قسمت آزمانے کا موقع ملا ہے۔ ان میں جھار کھنڈ مکتی مورچہ کو چھوڑ کر آئے سابق وزیر اعلیٰ چمپئی سورین، ان کے بیٹے بابو لال سورین، سابق وزیر اعلیٰ بابولال مرانڈی اور سابق مرکزی وزیر ارجن منڈا کی اہلیہ میرا منڈا وغیرہ کے نام قابل ذکر ہیں۔

واضح ہو کہ الیکشن کمیشن نے گزشتہ دنوں مہاراشٹر کے ساتھ ساتھ جھارکھنڈ میں بھی اسمبلی انتخاب کی تاریخوں کا اعلان کر دیا۔ الیکشن کمیشن نے جھار کھنڈ کی 81 اسمبلی سیٹوں پر دو مرحلوں میں انتخاب کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ پہلے مرحلہ کے لئے 13 اور دوسرے مرحلہ کے لئے 20 نومبر کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ ووٹوں کی گنتی 23 نومبر کو ہوگی۔

ایک نظر اس پر بھی

چین کے ساتھ سرحدی تنازعہ پر جنرل اوپیندر دویدی کی جانب سے سخت بیان

مشرقی لداخ میں تعطل کے خاتمے کے لیے ہندوستان اور چین کے درمیان معاہدے کے بعد، ہندوستانی فوج کے جنرل اوپیندر دویدی نے اہم بیان دیا ہے۔ منگل، 22 اکتوبر 2024 کو، انہوں نے اے این آئی کو بتایا کہ ہندوستانی افواج تب ہی چین سے پیچھے ہٹیں گی جب لائن آف ایکچوئل کنٹرول (ایل اے سی) کی صورتحال ...

یوپی حکومت نے انکاؤنٹر کے حوالے سے نئی ہدایات جاری کیں

یوپی پولیس کے انکاؤنٹر کے حوالے سے اٹھتے سوالات کے تناظر میں یوگی حکومت نے نئی ہدایات جاری کی ہیں۔ یہ ہدایات ڈی جی پی کی جانب سے دی گئی ہیں، جن کے مطابق انکاؤنٹر کرنے والی ٹیم کو مجرم کے مرنے یا زخمی ہونے کی صورت میں انکاؤنٹر کی جگہ کی ویڈیو گرافی کرنا ہوگی۔ نئے رہنما خطوط ...

اجیت پوار کی قیادت میں این سی پی نے نواب ملک کی بیٹی کو امیدوار نامزد کیا

نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے سربراہ اجیت پوار نے نواب ملک کی بیٹی، ثنا ملک شیخ، کو ممبئی کے انوشکتی نگر اسمبلی حلقہ سے امیدوار نامزد کیا ہے۔ ثنا ملک 23 اکتوبر کو اپنے کاغذات نامزدگی داخل کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔ نواب ملک کی پارٹی میں سرگرمیوں کے باعث بی جے پی کی قیادت بے ...

دہلی-این سی آر میں فضائی آلودگی میں اضافہ، ’جی آر اے پی-2‘ کے تحت نئی پابندیاں اور ہدایات جاری

دہلی اور این سی آر میں فضائی آلودگی کے بڑھتے مسائل کے پیش نظر آج، 22 اکتوبر 2024، جی آر اے پی (گریڈیڈ ریسپانس ایکشن پلان) کے دوسرے مرحلے یعنی جی آر اے پی-2 کو نافذ کیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ اس وقت لیا گیا جب دہلی میں ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) خطرناک حد تک بڑھ کر 300 سے تجاوز کر چکا ہے۔ ...

بی جے پی کی پہلی فہرست میں نام نہ آنے پر اراکین اسمبلی کا ساگر بنگلے پر احتجاج

ہاراشٹر اسمبلی انتخابات کے لیے بی جے پی کی جانب سے 99 امیدواروں پر مشتمل پہلی فہرست اتوار کو جاری کی گئی تھی۔ جن امیدواروں کے نام اس فہرست میں شامل تھے، انہوں نے راحت کی سانس لی، لیکن جن کا نام شامل نہیں تھا، ان میں سے کئی اراکین اسمبلی ناراض ہو گئے۔

ہریانہ: پرالی کے دھوئیں سے پریشان، 24 افسران اور ملازمین معطل

ہریانہ میں پرالی جلانے پر پابندی عائد ہے، لیکن اس میں خاطر خواہ کمی نظر نہیں آ رہی۔ اس صورتحال کے پیش نظر، حکومت نے محکمہ زراعت کے 24 افسران اور ملازمین کے خلاف کارروائی کی ہے۔ منگل کو حکومت نے ان 24 ملازمین کو معطل کرنے کا حکم جاری کیا، جن میں ایگریکلچر ڈیولپمنٹ افسر سے لے کر ...