بھٹکل تینگن گنڈی بندرگاہ اورجیٹّی کی خستہ صورتحال؛ پورا سال گذرنے کے باوجود شروع نہیں ہوا مرمت کا کام
بھٹکل،16؍جولائی (ایس اونیوز) تینگن گنڈی بندرگاہ پرسمندرسے لگا ہواحصہ جسے مقامی لوگ جیٹّی یا دھکّا بھی کہتے ہیں، گزشتہ سال اچانک دھنس گیا تھااوربندرگاہ پرپتھروں کو لے جانےوالی ایک ٹپرلاری بھی اس میں گرگئی تھی۔ ایک سال گزرنے کے باوجود سمندری کنارے کے اس حصہ کی مرمت نہیں کی گئی جس کی وجہ سے تعمیرشدہ زمین کا دیگرحصہ بھی دھنستا جارہا ہے۔ اب اس جٹّی کی حالت یہ ہے کہ اس پرسے پیدل چلنا بھی خطرہ سے خالی نہیں ہے کیونکہ خدشہ ہے کہ یہ حصہ بھی کسی وقت نیچے بیٹھ سکتا ہے۔
تینگن گنڈی ساحل پرسیاح بڑی تعداد میں آتے ہیں اورسمندرکنارے پہنچ کرموجوں کالطف اُٹھاتے ہیں۔ کنارے جانے کے لئے لوگ اسی جیٹّی پرچلتے ہیں جواتنا کمزور ہے کہ فوٹو دیکھ کر اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ اس کے نیچے کسی طرح کا کوئی سہارا نہیں ہے۔
یاد رہے کہ گذشتہ سال جیٹّی کا متعلقہ حصہ دھنسنے کے بعد اُس وقت کے ماہی گیر وزیر ایس انگارا تینگن گنڈی بندرگاہ پر پہنچ کرحالات کا جائزہ لیا تھا اورماہی گیروں کو یقین دلایا تھا کہ جیٹّی کی فوری مرمت کی جائے گی، مگر پورا سال گذرنے کے باوجود اس
جگہ پرمرمت کا کام نہیں ہوا اورجس وقت چھوٹا سا حصہ دھنس گیا تھا اب وہاں مرمت نہ کرنے کی بنا پرکافی بڑا حصہ دھنس چکا ہے اور درمیان میں جو چھوٹا حصہ بچا ہے، لوگ اُسی پرپیدل چل رہے ہیں، جو کبھی بھی نیچے دھنس سکتا ہے۔
مقامی ماہی گیروں کی نظریں اب بھٹکل کے رکن اسمبلی منکال وئیدیا پرٹکی ہیں جن کو ماہی گیری کا قلمدان بھی ملا ہے۔ ماہی گیروں کو توقع ہے کہ نئے وزیراس طرف خصوصی توجہ دیں گے اور منہدم شدہ حصہ کی فوری مرمت کرنے ضروری اقدامات کریں گے۔
Bhatkal Tengangundi Port Jetty in Dilapidated State, Repair Work Yet to Commence after a Year