بھٹکل میں ڈینگی بخارپرقابو پانے مجلس اصلاح و تنظیم نےعوام کے لئے جاری کیں ضروری ہدایات
بھٹکل یکم اکتوبر(ایس اونیوز) بھٹکل کے پرانے محلوں میں ڈینگی بخارکے بڑھتےمعاملات پرگہری تشویش کا اظہارکرتے ہوئے قومی سماجی ادارہ مجلس اصلاح و تنظیم نے اس پر فوری طورپرقابو پانے کے لئے عوام الناس کے لئے ضروری ہدایات جاری کیں ہیں، جبکہ اس تعلق سے پیر کو میڈیکل آفسرس، سرکاری ڈاکٹرس، پرائیویٹ ڈاکٹرس، میونسپل چیف افیسر، ہیلتھ آفسرس اور دیگرسرکاری اہلکاروں کے ساتھ میٹنگ کا بھی انعقاد کیا گیا ہے۔
ڈینگو بخارکے تعلق سے ہدایات جاری کرتے ہوئے تنظیم جنرل سکریٹری عبدالرقیب ایم جے ندوی نے بتایا کہ ڈینگی بخارایک خاص قسم کے مادّہ مچھروں کے کاٹنے سے ہوتا ہے۔ یہ مچھر مکانوں اور اس کے اطراف پرورش پاتے ہیں اور ڈینگی بخار کی علامات یہ ہیں کہ مریض کو اچانک بخار آتاہے، شدید سر درد، انکھوں کے پچھلے حصے میں، پٹھوں اور جوڑوں میں درد، منہ کے مسوڑوں، دانت اور ناک سے خون نکلتا ہےیہاں تک کہ جلد (چمڑے) پر خون کے نشانات پائے جاتے ہیں۔
ڈینگو بیماری کے لیے کوئی مخصوص دوا اور انجکشن نہیں ہے۔ البتہ تنظیم کی طرف سے کہا گیا ہے کہ بخار کے ساتھ اگر ایسی کوئی بھی علامات پائی جاتی ہوں جس سے ڈینگی ہونے کا شبہ ہو تو مریض کو جلد ازجلد قریبی پرائمری ہیلتھ سینٹر یا گورنمنٹ اسپتال یا کسی اچھے ڈاکٹرسے جانچ کرانا چاہیے۔ چھوٹے بچوں کے لئے چلڈرن اسپیشلسٹ سے رجوع کیا جانا چاہئے۔
تنظیم کی طرف سے جاری ہدایات میں کہا گیا ہے کہ ڈینگو پر قابو پانے کے لئے احتیاطی تدابیر کے طور پرگھروں کے اندراورباہرگندگی کیچڑ اور پانی جمع ہونے نہ دیں۔ گھر کی کھڑکیوں میں جالیاں (پردے) لگائیں۔ مچھرماردوائیوں کا استعمال کریں۔ مچھردانیوں کا استعمال کریں۔ پورے آستینوں والے کپڑے پہنیں۔ پانی جمع رکھنے کے لیے استعمال ہونے والے تمام برتن اور ٹینکی وغیرہ ہر ہفتہ خالی کر کے انہیں اچھی طرح دھو کر سوکھنے کے بعد دوبارہ استعمال کیا جائے۔ جن چیزوں میں سے پانی خالی نہ کیا جا سکتا ہو انہیں اچھی طرح ڈھانپ کر رکھا جائے تاکہ مچھر وغیرہ اس میں داخل نہ ہونے پائیں۔
مچھروں کی افزائش کی روک تھام کے لئے بھتکل میونسپالٹی کی طرف سے محلہ وار سطح پردوائیاں بھی چھڑکائی جارہی ہیں، کہا جارہا تھا کہ میونسپل حدود میں مچھروں پر قابو پانے کے لئے فوگنگ مشین کے ذریعے دھواں چھوڑا جائے گا، مگرکہیں پرفی الحال فوگنگ کئے جانے کی اطلاع نہیں ہے۔
تنظیم کی طرف سے کہا گیاہے کہ بھٹکل میں ڈینگی کے بڑھتے معاملات کو لے کر مجلسِ اصلاح و تنظیم بے حد فکرمند ہے۔ منسپالٹی اور ہیلتھ ڈپارٹمینٹ کے ذمہ داران سے رابطہ کرکے بھی ضروری امورکی انجام دہی کی کوشش کی جارہی ہے۔