بھٹکل ہیبلے گرام پنچایت کا کچرا نکاسی کا مسئلہ ہنوز باقی؛ میونسپالٹی نے پنچایت کا کچرا جمع کرنے کی سہولت دینے سے کیا انکار
بھٹکل 27 / اکتوبر (ایس او نیوز) بھٹکل ہیبلے گرام پنچایت حدود کے تنگن گنڈی علاقے میں سڑک کے کنارے کچرے کا ڈھیر اور اس کی نکاسی کا مسئلہ جلد حل ہونے کے آثار نظر نہیں آتے کیونکہ ٹاون میونسپل کاونسل نے اپنے ڈمپ یارڈ میں پنچایت کا کچرا جمع کرنے کی سہولت دینے سے انکار کردیا ہے ۔
تنگن گنڈی اور جامعہ آباد روڈ پر سڑک کنارے کچرے کا ڈھیر لگنے اور اس کی نکاسی کے لئے پنچایت کی طرف سے مناسب انتظام نہ کیے جانے کا مسئلہ پچھلے کئی برسوں سے موضوع بحث اور مقامی لوگوں کے لئے درد سر بنا ہے ۔ پنچایت کی طرف سے سرکاری زمین پر ڈمپ یارڈ قائم کرنے میں ناکامی نے اس مسئلے کو گمبھیر بنا دیا ہے ۔
پچھلے دنوں مقامی میڈیا میں جب یہ معاملہ پھر ایک بار گرم ہوا تو تعلقہ انتظامیہ کی طرف سے اسے حل کرنے کے مقصد سے اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر نینا جو اس وقت ٹاون میونسپل کاونسل کی ایڈمنسٹریٹر بھی ہیں، نے ٹی ایم سی انتظامیہ کے سامنے یہ تجویز رکھی کہ جب تک ہیبلے گرام پنچایت کی طرف سے کچرا نکاسی کے لئے مناسب جگہ کا انتظام نہیں ہوتا ، تب تک ساگر روڈ پر واقع ٹی ایم سی کے ڈمپ یارڈ میں ماہانہ کرایہ کی بنیاد پر کچرا نکاسی کی سہولت دینے پر غور کیا جائے ۔
لیکن مسئلہ سامنے لاتے ہی میونسپالٹی کے سابق صدر پرویز قاسمجی نے اس تجویز کو قبول کرنے سے انکارکردیا اور کہا کہ ٹی ایم سی کے حدود میں کچرا نکاسی کا مسئلہ حل کرنے کے لئے بڑی مشکل سے ڈمپ یارڈ تعمیر کیا گیا ہے ۔ اب اگر آس پاس کے گرام پنچایت والوں کو بھی یہاں کچرا جمع کرنے کی سہولت دی گئی تو اس سے ٹی ایم سی کو بھاری نقصان ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ وہ میونسپالٹی کے تمام کونسلرس کی طرف سے اس تجویز کو قبول کرنے سے انکار کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پہلے ہیبلے پنچایت والوں کو ایک مرتبہ یہاں کچرا نکاسی کی سہولت دی گئی تھی، مگر طے کیا گیا کرایہ پنچایت والوں نے ابھی تک ادا نہیں کیا ۔ اس لئے پھر نیا مسئلہ کھڑا کرنے کے لئے ہم تیار نہیں ہیں۔ دیگر کونسلرس نے بھی اس موقع پر پرویز قاسمجی کی باتوں سے اتفاق کیا۔
اس موقع پر میونسپالٹی کے چیف آفسر نیل کنٹھ میستا، میونسپل سابق نائب صدر قیصر محتشم، اسٹینڈنگ کمیٹی کے چیرمین عبدالعظیم، کونسلرس عبدالروف نائطے، اِمشاد مختصر اور دیگر کئی کونسلرس بھی موجود تھے۔