بھٹکل: اُترا کنڑا کے ڈی سی ضلع میں نامکمل فورلین نیشنل ہائی وے سے پیداشدہ مسائل پرحکومت اورنیشنل ہائی وے اتھارٹی کو پیش کریں گے رپورٹ

Source: S.O. News Service | By I.G. Bhatkali | Published on 16th July 2023, 1:37 AM | ساحلی خبریں |

بھٹکل 15 جولائی (ایس او نیوز) اُترا کنڑا کے ڈپٹی کمشنرپربھولِنگا کولیکٹی نے کہا کہ ضلع بھر میں نامکمل فورلین نیشنل ہائی وے سے پیداشدہ مسائل کی تفصیلات کے ساتھ ایک رپورٹ مرتب کی جائے گی اور یہ رپورٹ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ریاستی حکومت اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا (NHAI) کو پیش کی جائے گی۔ 

انہوں نے ہفتہ کو نیشنل ہائی وے ڈپارٹمنٹ ، کنٹریکٹرآئی آربی کمپنی، پی ڈبلیو ڈی، پینے کے پانی کی فراہمی اور ڈرینج ورکس ڈیپارٹمنٹ کے افسران کے عہدیداروں کے ساتھ کاروارسے بھٹکل گورٹے تک نیشنل ہائی وے فورلین کے کام کا معائنہ کرنے کے بعد بھٹکل میں انسپکشن بنگلو پرمختلف سماجی اداروں کے ذمہ داران کو معلومات فراہم کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ اپنی رپورٹ اتوار شام تک مکمل کرکے پیر کو حکومت کو سونپیں گے۔

ڈی سی نے زور دے کر کہا کہ ضلع کے 25 مختلف علاقوں میں عوام نے عدم تحفظات کا ذکرکرتے ہوئے مشکلات بیان کیں ہیں اگرچہ گذشتہ 2020 سے ٹول وصولی شروع ہوچکی ہےلیکن اس کے باوجود، کام نامکمل ہے۔ ڈی سی واضح کیا کہ اگرکہیں ہائی وے کا کام مکمل ہوا ہے مگروہ راستہ عوام کے استعمال میں نہیں ہے تو اُسے مکمل نہیں سمجھا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ رپورٹ میں ہائی وےسے پیدا ہونے والے نکاسی آب کے مسائل، خالی بس اسٹینڈ سے پیدا ہونے والے مسائل اور ناکافی متبادل نظام، ہائی وے جنکشن سے پیداشدہ ایکسیڈنٹ زون، نیز بالائی اور زیریں پلوں سے متعلق مسائل کو شامل کیا جائے گا۔ مزید بتایا کہ رپورٹ ریاستی حکومت کو پیش کرنے کے بعد حکومت کی ہدایت کے مطابق اگلی کارروائی کی جائے گی۔

Bhatkal: Uttara Kannada DC to Submit Report on Incomplete NH Widening Across the District to Government and NHAI

میٹنگ کے دوران بھٹکل کے مسائل کا اعادہ:
ایک بار پھر، بھٹکل کے مقامی لیڈروں نے ہائی وے کو چوڑا کرنے کے نامکمل کام اور اس سے منسلک چیلنجوں کے بارے میں ڈپٹی کمشنر کے سامنے اپنی شکایات پیش کیں۔

راجیش نائک، ستیش نائک، عنایت اللہ شاہ بندری، محی الدین رکن الدین، الطاف کھروری، توفیق بیری، شری کانت نائک اور ہائی وے ڈیولپمنٹ ہوراٹا سمیتی کے دیگر ممبران نے بتایا کہ بھٹکل میں ہائی وے کے کام کو انجام دینے میں کبھی کوئی رکاوٹ پیدا نہیں کی گئی ہے نہ ہی آئی آر بی کوعوام کی طرف سے کسی مخالفت کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ اس معاملے میں کوئی اہم تنازعات نہیں ہوئے ہیں، مگر ان سب کے باوجود کام میں تاخیر ہوئی ہے اورآئی آر بی کی طرف سے باربار کہا جاتا ہے کہ بھٹکل میں ہائی وے کو تعمیر کرنے میں عوام دشواریاں پیداکررہے ہیں۔ لیڈران نے واضح کیا کہ یہ تمام باتیں جھوٹ اور بے بنیاد ہیں۔ لیڈران نے فورلین ہائی وے کے منصوبے کے ڈیزائن کو بار بارتبدیل کرنے پربھی عدم اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ ڈیزائن تبدیل کرنے کے بعد مقامی لوگوں کو بھی کسی طرح کی کوئی جانکاری نہیں دی جارہی ہے اور سب کچھ خاموشی کے ساتھ کیا جارہا ہے۔ لیڈران نے اس بات کے بھی خدشات ظاہر کیے کہ ہائی وے کا کام اگرپانی کی نالیوں کے بغیر تعمیر ہوتا ہے تواس  سے عوام کو فائدہ کم اور نقصان زیادہ ہوگا۔ لیڈران نے بھٹکل کے گورٹے (ّشیرور) ٹول پر بھٹکل کے عوام سے ٹول فیس وصولی کرنے پر سخت ناراضگی ظاہر کی اور بتایا کہ انکولہ، کمٹہ، مینگلور اور اُڈپی وغیرہ علاقوں کے عوام نے سخت احتجاج کرتے ہوئے اپنا ٹول معاف کرایا ہے، لیکن چونکہ بھٹکل کے عوام نے اس تعلق سے کبھی کوئی آواز نہیں اُٹھائی، اس لئے بھٹکل کے عوام کو ٹول فری نہیں کیا گیا ہے۔

ایک مقامی رہائشی نے آنکھوں میں آنسو اور درد بھرے لہجے کے ساتھ، غیرمعیاری ہائی وے کو چوڑا کرنے کے کام کی وجہ سے اپنےعلاقہ میں پیش آنے والے مسائل پیش کئے، خاص طور پر برسات کے موسم میں پورے علاقے کو درپیش مشکلات پرسخت نارضگی کا اظہار کرتے ہوئے اس  نے زور دے کر کہا کہ مسئلہ صرف گٹر کا پانی نہیں ہے بلکہ سلمان آباد علاقہ میں ان کے گھروں میں ندی کی طرح پانی داخل ہورہا ہے۔ ہر سال، گھریلو سامان جیسے فریج اور واشنگ مشین وغیرہ خراب ہورہے ہیں، ایسے حالات میں گھرمیں موجود بزرگ افراد کو دوسری جگہوں پرمنتقل کرنے میں بھی دشواری پیش آرہی ہے،بارش کے موسم میں علاقہ کے لوگوں کو اپنی راتیں جاگ کر گذارنی پڑرہی ہے۔ اس مکین نے بتایا کہ وہ کئی سالوں سے مختلف وزراء اور ضلع کے کمشنروں کو اپنے مسائل پیش کرچکا ہے، مگر اس کا کوئی حل نہیں نکل رہا ہے۔ اس کی باتیں سن کرمیٹنگ میں حاضر افسران اور اراکین ایک لمحے کے لیے دنگ رہ گئے۔

کئی ارکان نے عہدیداروں کو نالیوں کی صفائی کرنے اورمین ڈرین کو غیر تجاوزات سے پاک کرنے کو یقینی بنانے کا مشورہ دیا۔

ڈی سی نے تجویز پیش کی کہ IRB اور میونسپل انجینئرز کے نمائندوں کو ایک ساتھ ایک ٹیبل پر بیٹھ کر مسئلے کا حل نکالنا چاہئے اور پانی کی نکاسی پر اگر کہیں تعمیراتی کام ہوا ہے یا نہیں اسس کی ایک رپورٹ تیار کرنی چاہئے اور مکمل منصوبہ بندی کے ساتھ کام کو آگے بڑھانا چاہئے۔

نیشنل ہائی وے پلاننگ آفیسر ہری کرشنن، آئی آر بی کے چیف جنرل منیجرموہن داس دیگر افسر شرینواس، بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹرنینا، میونسپل چیف آفیسر سریش، کے علاوہ کافی دیگر افسران بھی موجود تھے۔

بھٹکل میں پیر17 جولائی کو ہوگی اہم میٹنگ: ڈپٹی کمشنر نے بھٹکل میں ہائی وے سے پیدا شدہ مسائل کوحل کرنے کے لئے پیر 17 جولائی کو دوپہر 12 بجے میونسپل آفس میں ایک میٹنگ رکھنے اور تمام مسائل پر بات چیت کرنے اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر نیناکوہدایت دی ہے جس میں میونسپل حکام سمیت آئی آر بی کے چیف جنرل مینجر موہن داس کو بھی شریک ہونے کا انہوں نے حکم دیا ہے۔

ایک نظر اس پر بھی

کاروار : رکن اسمبلی ستیش سئیل کو ملی ہائی کورٹ سے راحت - نچلی عدالت کی سزا معطل - جیل سے رہائی کا راستہ ہوا صاف 

کانگریس پارٹی کے انکولہ - کاروار رکن اسمبلی ستیش سئیل کو اس وقت بڑی راحت ملی جب بیلے کیری سے لاپتہ میگنیز معاملے میں نچلی خصوصی عدالت کی ذریعہ سنائی گئی سزا کو کرناٹکا ہائی کورٹ کی ایک بینچ نے معطل کر دیا اور اسی کے ساتھ ستیش سئیل اور دیگر افراد کی ضمانت بھی منظور کر دی ۔

بھٹکل - ہوناور اسمبلی حلقے کے لئے 15 ہزار کروڑ روپے فنڈ فراہم کیا جائے گا ۔ وزیر منکال وئیدیا کا اعلان

بھٹکل - ہوناور حلقے کے رکن اسمبلی اور وزیر منکال وئیدیا نے ماروکیری میں عوامی رابطے کے اجلاس میں کہا کہ گزشتہ مرتبہ جب میں رکن اسمبلی بنا تھا تو میں نے اپنے حلقے کے لئے 1500 کروڑ روپے فنڈ فراہم کیا تھا ۔ اب جبکہ میں وزیر بنا ہوں تو اپنے حلقے کے لئے 15 ہزار کروڑ روپے فنڈ لانے کی کوشش ...

بھٹکل میں ریت سپلائی بحال کرنے کا مطالبہ لے کر زبردست احتجاجی مظاہرہ؛ ہنگامہ آرائی کے دوران اے سی کو سونپا گیا میمورنڈم

بھٹکل میں گذشتہ چھ ماہ سے ریت کی سپلائی بند ہونے کے خلاف مختلف تعمیراتی اداروں کے ذمہ داران اور تعمیراتی  کاموں کے مزدوروں نے آج بدھ کو بھٹکل میں زبردست احتجاج کیا اور ریت سپلائی بحال کرنے کا مطالبہ کیا۔

کاروار: اُترکنڑا ضلع انتظامیہ نے کسانوں کے لئے کیا چاول خریداری رجسٹریشن مراکز کا آغاز

موجودہ مانسون سیزن کے دوران، ضلع ڈپٹی کمشنر کے. لکشمی پریا نے فوڈ ڈپارٹمنٹ کے اہلکاروں کو ہدایت دی کہ وہ ضلع کے کسانوں سے چاول کی خریداری کے لئے کم از کم معاون قیمت (ایم ایس پی) اسکیم کے تحت رجسٹریشن مراکز قائم کریں۔