بھٹکل 12/اکتوبر (ایس او نیوز): تعلقہ کے شرالی نیشنل ہائی وے 66 پر دو لاریوں کے درمیان تصادم سے ایک طرف جام لگ گیا، جس کے نتیجے میں تقریباً تین گھنٹوں تک ٹریفک متاثر رہا۔ پولیس، فائر بریگیڈ، اور کرین کی مدد سے کافی محنت کے بعد دونوں لاریوں کے ڈرائیوروں کو باہر نکالا گیا، جس کے بعد ٹریفک نظام کو بحال کیا گیا۔
شرالی ہائی وے سے گزرنے والے بھٹکل کے ایک نوجوان یاسر آرمار نے حادثے کے بارے میں بتایا کہ ایک لاری پٹرول پمپ سے باہر آ رہی تھی، اسی دوران مینگلور سے ہبلی کی طرف جانے والی دوسری لاری تیز رفتاری کے ساتھ اس سے ٹکرا گئی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ دونوں لاریوں کے ڈرائیور اپنے ہی کیبن میں بری طرح پھنس گئے۔ یہ حادثہ جمعہ کی شب تقریباً دس بجے پیش آیا، اور ڈرائیوروں کو باہر نکالنے کے لیے کافی محنت کرنی پڑی۔ رات تقریباً ایک بجے انہیں باہر نکالنے میں کامیابی ملی۔ دونوں کو زخمی حالت میں بھٹکل سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ایک ڈرائیور کے سر اور دوسرے کے پیر پر شدید چوٹیں آئیں۔
یاسر آرمار کی اطلاع کے مطابق، حادثے کے فوراً بعد جائے وقوع پر لوگوں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی، جبکہ ہبلی کی طرف جانے والی سڑک پر ٹریفک جام ہوگیا، جس کی وجہ سے ہائی وے کی ایک سڑک پر بھی سواریوں کی لمبی قطار لگ گئی۔
مقامی لوگوں اور کرین کی مدد سے دونوں لاریوں کو الگ کیا گیا، اور گیس کٹر کی مدد سے کیبن کے بعض حصے کاٹ کر ایک ڈرائیور کو باہر نکالا گیا۔