بھٹکل ٹاون میونسپل حدود میں درپیش مسائل -  نائب صدر پر ٹکی ہیں عوام کی توقعات 

Source: S.O. News Service | Published on 21st September 2024, 8:27 PM | ساحلی خبریں |

بھٹکل، 21 / ستمبر (ایس او نیوز) ایک لمبے عرصے تک بھٹکل ٹاون میونسپل کاونسل میں صدر، نائب صدر وغیرہ کا منصب خالی رہنے کے بعد جب نئے عہدیداروں کے انتخاب کا موقع آیا تو سرکاری ضابطے کے مطابق بھٹکل میں صدر کا منصب ایس سی زمرے کے لئے مختص کیا گیا اور نائب صدر کا عہدہ جنرل زمرے میں آ گیا ۔
    
چونکہ بھٹکل ٹی ایم سی میں اس وقت ایس ٹی زمرے کا کوئی کاونسلر موجود نہیں ہے اس لئے صرف نائب صدر کا انتخاب عمل میں آیا اور جناب الطاف کھروری اس منصب پر فائز ہوگئے ۔ اس پس منظر میں ٹی ایم سی کی ترقی اور عوام کے شہری مسائل کے حل کا سارا دار و مدار اب صرف نائب صدر الطاف کھروری کی کارکردگی پر ہے۔ اسی وجہ سے شہر کے عوام روزمرہ زندگی کو متاثر کرنے والے مسائل کے حل کے لئے نائب صدر صاحب پر نظریں جمائے اور توقعات لگائے بیٹھے ہیں ۔


    
سڑکوں کی دُرگت :بھٹکل ٹی ایم سی حدود میں شہریوں کو درپیش اہم مسائل کی بات کریں تو سب سے اہم مسئلہ اس وقت سڑکوں کی  انتہائی خستہ حالت ہے ۔ جس پر موٹر گاڑیاں چلانے یا پھر پیدل ہی چلنے کا مطلب جان لیوا خطرات کو دعوت دینا ہے ۔ یو جی ڈی چیمبرس بنانے کے لئے سڑکوں کی کھدائی کی وجہ سے راستوں کی جو درگت بنی تھی اسے خطرناک حالت تک پہنچانے میں مسلسل برسات نے پورا ساتھ دیا ۔ اس طرح ہر جگہ گڈھوں کی بھرمار اور اُکھڑی ہوئی سڑکیں موٹر سواروں کے لئے خطرات کا سامان اور عوام کے لئے ناقابل بیان مصیبتوں کا سبب بن گئی ہیں ۔
    
گندی نالیاں - مچھروں کا ٹھکانہ : شہر کے کئی مقامات پر سڑک کنارے موجود نالیوں میں جمع ہوئے گندے پانی کی وجہ سے ماحول میں ناقابل برداشت بدبو پھیلانے کے علاوہ یہ گندی نالیاں مچھروں کی افزائش کا ٹھکانہ بن گئی ہیں ۔  جو صحت عامہ کے نقطہ  نظر سے بڑی نقصان دہ صورتحال ہے اور بیماریوں میں اضافے کا باعث بن رہی ہے۔
    
یو جی ڈی کے مسائل :ایک طرف یو جی ڈی کے چیمبرس سے گندہ پانی خارج ہونے کی وجہ سے شہر کے اکثر علاقوں میں  گھروں کے کنویں خراب ہونے کا مسئلہ ہے تو دوسری طرف ایک عرصہ سے چل رہا غوثیہ محلہ پمپنگ اسٹیشن کا سنگین مسئلہ ہے جو علاقے کے  کنووں کے ساتھ ، قریب میں موجود شرابی ندی کے پانی کو گندہ کرنے اور اسے گٹر میں تبدیل کرنے کا سبب بنا ہوا ہے ۔ بار بار احتجاج کرنے ، میمورنڈم دینے، افسران اور عوامی نمائندوں کی توجہ مبذول کروانے کے باوجود اس مسئلے کو حل کرنے کی طرف کوئی پختہ کارروائی اب تک نہیں ہوئی ہے ۔ 
    
قابل ذکر بات یہ ہے کہ جناب الطاف کھروری ہمیشہ یو جی ڈی کے مسائل  پرآواز اٹھاتے رہے ہیں اور اسے حل کرنے کی طرف سنجیدہ اقدامات کا مطالبہ کرتے آئے  ہیں ۔ اب جب کہ وہ خود ٹی ایم سی کے کلیدی عہدے پر فائز ہوگئے ہیں تو عوام بجا طور پر ان سے یہ توقع رکھتے ہیں کہ یوجی ڈی اور خاص کرکے غوثیہ محلہ کے پمپنگ اسٹیشن سے متعلقہ مسئلے کا مستقل حل تلاش کرنے وہ اپنی تمام صلاحیت لگائیں گے اور نتیجہ خیز اقدامات کریں گے ۔ 
    
ہائی وے پر اندھیرے کا مسئلہ :نیشنل ہائی وے 66  توسیعی منصوبے کے نام پر ٹی ایم سی کے حدود میں نیشل ہائی وے پر موجود بجلی کے کھمبے ہٹائے گئے تھے ۔ اس توسیعی منصوبے کا کام برسوں سے چل رہا ہے مگر نیشنل ہائی وے پر روشنی کا انتظام کرنے کی طرف کوئی توجہ نہیں دے رہا ہے۔  پورا نیشنل ہائی وے اندھیرے میں ڈوبا رہتا ہے ۔ ایسے میں رات کے وقت جب سڑک کنارے کی دکانیں بند ہو جاتی ہیں تو تیز رفتار ٹریفک اورموٹر گاڑیوں کی آنکھوں کو اندھا کرنے والی ہیلوجن بلب کی تیز روشنی کے درمیان گڈھوں سے بھرے اور اندھیرے میں ڈوبے ہوئے نیشنل ہائی وے  پر سفر کرنا گویا موت کے کنویں کی طرف آگے بڑھنے کے برابر ہوتا ہے ۔ 
    
عوام ہر دن ایک ہی سوال کرتے دکھائی دیتے ہیں کہ آخر نیشنل ہائی وے پر روشنی کا انتظام کون کرے گا اور کب کرے گا؟ لیکن انہیں جواب دینے والا کوئی نہیں ہے ۔ 
    
سڑک کنارے باکڑے، فٹ پاتھ پر قبضہ :شہر میں روز بروز سڑک کنارے دکانوں اور باکڑوں میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے ۔ ہر جگہ مچھلی، فروٹ ، ترکاری، کنٹین، فاسٹ فوڈ اور دیگر سامان کی دکانیں لگتی جا رہی ہیں جو سڑک کنارے راہگیروں کے لئے بنی سڑکوں کی زمینوں پر ناجائز قبضہ کرکے بنائی جا رہی ہیں ۔ اس سے ایک طرف ٹریفک کے مسائل پیدا ہوتے ہیں تو دوسری طرف عوام کی چہل پہل میں رکاوٹ پیدا ہوتی ہے اور بعض دفعہ یہ دکانیں سڑک حادثات کا بھی سبب بن جاتی ہیں ۔ اس کے علاوہ ان دکانوں کی وجہ سے آس پاس پھیلنے والی گندگی اور کچروں کا ڈھیر ایک الگ مسئلہ ہوتا ہے ۔ 
    
اس کے علاوہ شہر کے بازار میں بعض دکانداروں کی طرف سے فٹ پاتھ پر قبضہ کرنے، دکانوں کا سامان فٹ پاتھ پر پھیلا کر رکھنے، فٹ پاتھ پر موٹر بائکس پارک کرنے اور راہگیروں کے لئے رکاوٹیں کھڑی کرنے کی وجہ سے بھی عوام کو بڑی پریشانیاں لاحق ہوتی ہیں ۔ 

ایک نظر اس پر بھی

بھٹکل میں دھرنے پر بیٹھے آر ٹی آئی کارکنان کو پولیس نے لیا تحویل میں؛ احتجاج ختم؛ چند گھنٹوں بعد مظاہرین رہا

اولڈ بس اسٹینڈ کے قریب واقع پرانے تحصیلدار دفتر کے باہر دھرنے پر بیٹھے احتجاجیوں کو بالآخر پولیس نے اپنی تحویل میں لے کر احتجاج ختم کروا دیا، جبکہ میونسپل حکام نے پرانے تحصیلدار دفترکے باہر  لگے بینرز اور پوسٹروں کو ہٹا کر پورے مقام کو صاف کر دیا۔ اطلاعات کے مطابق، احتجاجیوں ...

دکشن کنڑا اور اُڈپی میں سامنے آئے کالرا کے معاملات

دکشن کنڑا ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر تھیمیّا کے مطابق چند دن پہلے موڈبیدری میں واقع نیلّی کارو پرائمری ہیلتھ سینٹر کے حدود میں ہیضے (کالرا) کے ایک معاملے کی تصدیق ہوگئی تھی ۔ مذکورہ مریض فی الحال صحت یاب ہوگیا ہے ۔

بھٹکل میں سرکاری افسران کے تبادلے کا مطالبہ - آر ٹی آئی فورم کی طرف سے دھرنا

پچھلے دس تا پندرہ سال سے بھٹکل تحصیلدار اور اسسٹنٹ کمشنر کے دفتر میں خدمات انجام دینے والے افسران اور عملے  کے  تبادلے کا مطالبہ کرتے ہوئے آر ٹی آئی جہد کاروں اور سماجی خدمت گاروں کے فورم سے تعلق رکھنے والے کارکنان نے پرانے تحصیلدار دفتر کے سامنے دن رات دھرنا شروع کیا ہے ۔