بھٹکل کے لوگوں کو اب سی ٹی اسکین کے لئے کنداپور یا اُڈپی جانے کی نہیں ہوگی ضرورت؛ لائف کیئر میں کل سنیچر کو مشین سمیت آئی سی یو اور جدید طرز کے آپریشن تھیٹر کا ہوگا افتتاح
بھٹکل 12/جولائی (ایس او نیوز) سڑک حادثہ پیش آنے اور سر کو معمولی چوٹ لگنے پر بھٹکل کے مریضوں کو سی ٹی اسکین کے لئے کنداپور اور اُڈپی اسپتال روانہ کیا جاتا تھا مگر اب سی ٹی اسکین کے لئے کنداپور یا کسی اور جگہ جانے کی ضرورت نہیں ہے، کیونکہ یہ سہولت بھٹکل لائف کئیر میں ہی فراہم کی گئی ہے۔ لائف کئیر میں اب انتہائی اعلیٰ درجے کی سی ٹی اسکین مشین لائی گئی ہے، ریڈیولوجسٹ ڈاکٹر محمد نوشاد کی قیادت میں چار طبی ماہرین کی ایک ٹیم اس کام کے لئے مختص کی گئی ہے اور اس مشین کا افتتاح کل سنیچر کو بھٹکل جالی روڈ پر واقع لائف کئیر اسپتال میں ڈسٹرکٹ انچارج منسٹر منکال وئیدیا کے ہاتھوں کیا جارہا ہے۔ اس بات کی اطلاع اسپتال کے مینجنگ ڈائرکٹر جناب سلمان جوباپو نے دی۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھٹکل کے عوام کو ہر طرح کی طبی سہولیات فراہم کرنے کی غرض سے ہم نے لائف کئیر اسپتال قائم کیا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے عوام کو علاج کے لئے بھٹکل سے باہر جانے کی ضرورت نہ پڑے اور ہر طرح کی طبی سہولیات بھٹکل میں ہی دستیاب رہے۔ اسی مقصد کے تحت ہم لائف کئیر میں ہر طرح کی سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ 2020 میں جب ہمارے اسپتال کی شروعات ہوئی تھی تو اس وقت اسپتال صرف 15 بستروں پر مشتمل تھا، اب پچاس بستروں والا بن چکا ہے، اسپتال میں کل سنیچرسی ٹی اسکین کے ساتھ آئی سی یو اور ماڈیولر آپریشن تھیٹر کا بھی افتتاح ہورہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ماڈیولرآپریشن تھیٹر میں جدید ٹیکنالوجی متعارف کرائی گئی ہے اوریہ اعلیٰ سرجیکل سہولیات سے لیس ہے، جبکہ ایمرجنسی وارڈ آئی سی یو میں پانچ بستر وں کی سہولیات فراہم کی گئی ہے۔
افتتاحی تقریب میں مہمان خصوصی کے طور پر منسٹر منکال وئیدیا کے ساتھ مینگلور سے راجیو گاندھی یونیورسٹی آف ھیلتھ سائنس کے سنیٹ ممبر ڈاکٹر یوٹی افتخار علی بھی اعزازی مہمان کے طور پر شریک ہوں گے۔ لائف کئیر میں صبح دس بجے سی ٹی اسکین اور دیگر دو سہولیات کے افتتاح کے بعد ساڑھے دس بجے رابطہ ہال (نوائط کالونی) میں افتتاحی تقریب منعقد ہوگی۔ پروگرام کی صدارت لائف کئیر کے چیرمین جناب یونس قاضیا کریں گے۔
اس موقع پرمعلومات فراہم کرتے ہوئے جناب یونس قاضیا نے بتایا کہ لائف کئیر میں ہم وہ تمام طرح کی سہولیات فراہم کرنے جارہے ہیں کہ لوگوں کو طبی ضروریات کے لئے بھٹکل سے باہر جانے کی ضرورت نہ پڑے۔ انہوں نے کہا کہ پورے اُترکنڑٖا میں لائف کئیر ہی اب واحد اسپتال ہے جہاں مکمل طبی سہولیات فراہم کی گئی ہے۔ بھٹکل کے عوام کو آئندہ علاج معالجہ کے لئے اِدھر اُدھر بھٹکنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ جناب یونس قاضیا کے مطابق آئندہ اُن کا منصوبہ بھٹکل میں 200 بستروں والا اسپتال قائم کرنے کا ہے۔
پریس کانفرنس میں لائف کئیر کے میڈیکل ڈائرکٹر ڈاکٹر یاسین، ریڈیولوجسٹ ڈاکٹر نوشاد، اسپتال کے ایڈمین ذوالفقار، فاونڈنگ ڈائرکٹر اور ایڈوائزری ممبر اسماعیل جوکاکو ودیگر کئی ڈاکٹرس بھی موجود تھے۔