بھٹکل پنچایتوں کے کچروں کو ٹھکانے لگانے محکمہ جنگلات سے جگہ فراہم کرنے کی درخواست؛ ہیبلے پنچایت کا کچرہ نکاسی کا مسئلہ عارضی طور پر حل
بھٹکل7/ نومبر (ایس او نیوز) تعلقہ کے ہیبلے پنچایت حدود میں پنچایت کی طرف سے گھرگھر جاکر کچروں کو لے جانے کا انتظام نہ ہونے کی وجہ سے لوگ اپنے گھروں کے کچروں کو سڑک کنارے پھینکنےپر مجبور تھے جس کی وجہ سے جامعہ آباد جانے والی سڑک کنارے کچروں کا ڈھیر جمع ہورہا تھا، حنیف آباد، منیٰ روڈ، فردوس نگر وغیرہ علاقوں میں بھی خالی جگہوں اور سڑک کنارے کچروں کے ڈھیر کو دیکھتے ہوئے بیماریاں پھیلنے کا خدشہ پیدا ہوگیا تھا، اس تعلق سے ہیبلے پنچایت کے آفسران کا یہی کہنا تھا کہ اُن کےپاس کچروں کو ٹھکانے لگانے کے لئے جگہ نہیں ہے جس کی وجہ سے وہ کچروں کی نکاسی نہیں کرپارہے ہیں، لیکن اب ہیبلے پنچایت کا کچروں کا مسئلہ عارضی طور پر حل ہوگیا ہے کیونکہ ڈسٹرکٹ انچارج وزیر منکال وئیدیا نے علاقہ کی صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے اور بیماریوں کے پھیلنے سے روکنے کے لئے بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر سمیت ٹاون میونسپل چیف آفسر کو ہدایت دی ہے کہ عارضی طور پر ہیبلے پنچایت کے کچروں کو ٹھکانے لگانے کےلئے میونسپالٹی کے ڈمپنگ یارڈ کو استعمال کرنے کی اجازت دی جائے۔
بتاتے چلیں کہ پیر کو اُترکنڑا ڈسٹرکٹ انچارج منسٹر منکال وئیدیا کی صدارت میں ڈسٹرکٹ کے تمام سرکاری آفسران اور بھٹکل کے عوامی نمائندوں سمیت تنظیم کے ذمہ داران کی موجودگی میں منعقدہ ڈسٹرکٹ لیول جائزاتی میٹنگ میں جالی پٹن پنچایت کے رکن ایڈوکیٹ عمران لنکا نے تجویز پیش کی تھی کہ ہیبلے اور ماولّی سمیت دیگر پنچایتوں کے لئے کچروں کو ٹھکانے لگانے دس ایکڑ فوریسٹ زمین فراہم کی جانی چاہئے، انہوں نے کہا تھاکہ وزیر اور ڈپٹی کمشنر کی اگر منظوری ملتی ہے تو پنچایتوں کے کچروں کی نکاسی کا مسئلہ حل ہوسکتا ہے، دوسری تجویز پیش کرتے ہوئے عمران لنکا نے کہا تھا کہ ہبیلے پنچایت کا کچرہ عارضی طور پر میونسپالٹی کی ڈمپنگ یارڈ والی جگہ پر ڈالنے کی اجازت دی جائے، اسی طرح انہوں نے تیسری تجویز پیش کی تھی کہ میونسپالٹی کے پاس کچروں کو ٹھکانے لگانے کے لئے جو دس ایکڑ فوریسٹ لینڈ ہے، اُس سے لگی ہوئی مزید دس ایکڑ زمین بھی ڈمپنگ کے لئے فراہم کی جائے ۔ تاکہ مستقبل میں کچروں کو ٹھکانے لگانے میں جگہ کی تنگی کا مسئلہ نہ ہونے پائے۔
تینوں تجاویز کو قبول کرتے ہوئے منکال وئیدیا نے بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر اور ٹاون میونسپل چیف آفسر کو ہدایت دی کہ عارضی طو ر پر ہیبلے پنچایت کے کچروں کو ٹھکانے لگانے کے لئے میونسپالٹی کے ڈمپنگ یارڈ کو استعمال کرنے کی اجازت دے۔انہوں نے چیف آفسر نیل کنتھ میستا کو اس بات کی بھی ہدایت دی کہ وہ ساگر روڈ پر واقع میونسپالٹی کی ڈمپنگ یارڈ کے متصل والی دس ایکڑ زمین کے لئے محکمہ جنگلات کو پروپوسل روانہ کرے۔
منکال وئیدیا نے تعلقہ پنچایت کے چیف ایکزی کوٹیو آفسر پربھاکر چکن منے کوبھی ہدایت دی کہ وہ محکمہ فوریسٹ کو دس ایکڑزمین کے لئے پروپوسل روانہ کرے، انہوں نے کہا کہ 16 پنچایتوں کے لئے الگ الگ زمین حاصل کرنا آسان نہیں ہوگا،البتہ تعلقہ پنچایت کے پاس کچروں کو ٹھکانے لگانے کے لئے کم از کم ایک جگہ ہوگی تو پنچایت علاقوں میں کچروں کو ٹھکانے لگانے کبھی کوئی مسئلہ پیش نہیں آئے گا۔ اس موقع پر منکال وئیدیا نے ڈپٹی کمشنرگنگو بائی مانکر کی موجودگی میں اسسٹنٹ کنزرویٹو آفسر گریش کو ہدایت دی کہ وہ ان پروپوسل کو قبول کرنے کے لئے ضروری کاروائیوں کو انجام دے۔
ساحل آن لائن سے فون پر گفتگو کرتے ہوئے میونسپل چیف آفسر نیل کنتھ میستا نے بتایا کہ منسٹر کی ہدایت پر ساگر روڈ پر واقع ڈمپنگ یارڈ سے متصل والی دس ایکڑ جگہ فراہم کرنے محکمہ جنگلات کو تحریری طور پر درخواست دے دی گئی ہے۔ اُدھر دوسری طرف پتہ چلا ہے کہ تعلقہ پنچایت کی طرف سے محکمہ جنگلات کو پانچ ایکڑ فوریسٹ لینڈ فراہم کرنے کی درخواست دی گئی ہے۔