بھٹکل 11/نومبر (ایس او نیوز) آزاد نگر فرینڈس اسوسی ایشن (انفا) کے زیر اہتمام تعلقہ کے آزاد نگر میں اتوار صبح ساڑھے چھ بجے سے دس بجے تک کے لئے منعقدہ حجامہ کیمپ میں 70 سے زائد افراد مستفید ہوئے اور حجامہ کے ذریعے کئی جسمانی اور ذہنی فوائد حاصل کئے۔
سرٹیفائیڈ حجامہ تھیراپسٹ نبیل احمد سید احسان نے حجامہ کے فوائد پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ حجامہ، جسے کپنگ تھراپی بھی کہا جاتا ہے، ایک قدیم طبی طریقۂ علاج ہے۔ اسلامی روایات میں حجامہ کو ایک خصوصی حیثیت حاصل ہے اور اسے سنت مانا جاتا ہے۔ اس تھراپی میں جسم کے مخصوص حصوں پر کپ رکھ کر سکشن پیدا کیا جاتا ہے۔ پھر چھوٹے چھوٹے کٹ لگائے جاتے ہیں تاکہ تھوڑا سا خون نکالا جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ حجامہ سے روحانی ، جسمانی بیماریوں کو دور کیا جاسکتا ہے اور اس سے ذہنی فوائد بھی حاصل کئے جاسکتے ہیں ۔ان کے مطابق ہر تین ماہ میں ایک بار حجامہ کرنا چاہئے ۔
انفا کے زیراہتمام حجامہ کیمپ میں ڈاکٹر خریم پیرزادے، ڈاکٹر عبداللہ منّا اور جناب احمد اکرمی نے بھی خدمات پیش کیں۔
کیمپ میں انفا کے ذمہ داران بالخصوص مولانا الیاس جاکٹی ندوی، ایڈوکیٹ عمران لنکا، آفاق چامنڈی کے ساتھ ساتھ بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کے صدر مولانا وصی اللہ ڈی ایف وغیرہ بھی شریک تھے۔