دمام میں بھٹکل مسلم جماعت کی جانب سے 78ویں یوم آزادی کے موقع پر خوبصورت تقریب
دمام (سعودی عربیہ) ، 17/ اگست (ایس او نیوز ) 15 اگست 2024 کو یوم آزادی کے موقع پر جس طرح ملک بھر میں جشن منایا گیا، اُسی طرح دنیا کے مختلف حصوں میں بسے انڈین لوگوں نے بھی اپنے اپنے علاقوں میں یوم آزادی کی تقریبات منعقد کئیں۔ اسی طرح کی ایک تقریب سعودی عربیہ کے معروف شہر دمام میں بھٹکل مسلم جماعت منطقہ شرقیہ کی جانب سے منعقد کی گئی۔
78ویں یوم آزادی کی مناسبت سے دمام میں منعقدہ تقریب میں کئی ننھے منے بچوں نے آزادی کی خوشی میں جھومتے ہوئے ترانہ پیش کیا جبکہ بعض بچوں نے آزادی کی مناسبت سے تقاریر اور اشعار بھی پڑھ کر سامعین سے داد و تحسین حاصل کی۔
جماعت کے رکن انتطامیہ اور سنیر ممبر ارشد کاڈلی نے یوم آزادی پرسامعین کے سامنے پر جوش خطاب کرتے ہوئے آزادی میں اہم کردار ادا کرنے والے مولانا ابوالکلام آزاد اور مولاناحُسین مدنی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان دونوں کی پیدائش سعودی عربیہ میں ہوئی تھی۔
جنرل سکریٹری مولوی تنویر جوشیدی نے نظامت کی ۔ انہوں نے ہی ممبران اور مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے پروگرام کی غرض و غایت بھی پیش کی۔
جماعت کے صدر جاوید کولا نے پروگرام کی صدارت سنبھالتے ہوئے کہا کہ ملک کی آزادی میں ہزاروں مسلمانوں بالخصوص علماء حضرات نے قربانیاں پیش کیں ہیں، جس کو نظر انداز نہیں کیا جانا چاہئے۔
جماعت کے قدیم رکن اور بزرگ رہنما جناب اقبال ائیکری اور سعودی عربیہ میں بھٹکل سے تعلق رکھنے والے معروف سماجی کارکن حبیب اللہ محتشم نے بھی جنگ آزادی کے موضوع پر اپنے تاثرات پیش کرتے ہوئے حاضرین کی معلومات میں اضافہ کیا۔