بھٹکل 21/نومبر (ایس او نیوز) قائد قوم و قائد ملت اور ساحل آن لائن میڈیا سمیت کئی تعلیمی و سماجی اداروں سے منسلک جناب ایس ایم سید خلیل الرحمن المعروف جناب سی اے خلیل بھاو (86 سال) مختصر علالت کے بعد ، دبئی میں انتقال کرگئے۔ انا للہ و اناالیہ راجعون۔
جناب خلیل صاحب کو منگل کے روز پیروں میں شدید کمزوری کی شکایت کے بعد دبئی کے منخول ایسٹر اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔ اسپتال میں دوران علاج، رات تقریباً بارہ بجے انہیں اچانک دوہرے دل کے دورے کا سامنا کرنا پڑا، جس کے باعث ان کی حالت انتہائی تشویشناک ہوگئی اور انہیں فوری طور پر آئی سی یو میں منتقل کیا گیا۔ تاہم، تمام تر کوششوں کے باوجود وہ جانبر نہ ہوسکے اور جمعرات کی اولین ساعتوں میں انتقال فرما گئے۔ اللہ تعالیٰ ان کی مغفرت فرمائے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ اٰمین۔
جناب خلیل صاحب کے انتقال کی خبر سوشل میڈیا پر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی۔ ان کے حق میں مغفرت کی دعاؤں کے ساتھ قوم و ملت کے لیے ان کی بے مثال خدمات کو سراہتے ہوئے تعریفی پیغامات تیزی سے وائرل ہونے لگے۔ سینکڑوں افراد نے واٹس ایپ اسٹیٹس پر مرحوم کے لیے دعائیں کیں اور ان کے کردار و خدمات کو یاد کیا۔ قوم نوائط کے اس عظیم سپوت کے انتقال کی خبر نے پورے شہر کو سوگوار کر دیا، اور ہر طرف غم و افسوس کی فضا چھا گئی۔
انجمن حامئی مسلمین کے صدر اور جنرل سکریٹری کے طور پر ایک طویل عرصے تک خدمات انجام دیتے ہوئے، جناب خلیل صاحب نے نہ صرف انجمن کے تعلیمی اداروں کو کامیابی کی بلندیوں تک پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کیا بلکہ بھٹکل اور اطراف کے علاقوں میں کئی اسکولوں اور کالجوں کے قیام میں بھی اہم کردار نبھایا۔ یہی وجہ ہے کہ ان کے انتقال کی خبر سن کر کئی تعلیمی اداروں نے تعزیتاً چھٹی کا اعلان کیا۔جن میں انجمن کے تمام تعلیمی اداروں کے ساتھ ساتھ معروف دینی درسگاہ جامعہ اسلامیہ ، شمس انگلش میڈیم اسکول، نونہال سینٹرل اسکول، علی پبلک اسکول، مدرسہ اصلاح البنات اور آئیڈیل انگلش میڈیم اسکول کمٹہ کے نام شامل ہیں۔
جناب خلیل صاحب کے انتقال کی خبر ملتے ہی معروف سماجی ادارہ مجلس اصلاح و تنظیم بھٹکل نے آج صبح منعقدہ اپنی انتظامیہ میٹنگ منسوخ کردی ہے، جبکہ کل جمعہ بعد نماز عشاء بھٹکل جامع مسجد میں بھٹکل کے پانچوں مرکزی اداروں کی جانب سے تعزیتی اجلاس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
فی الحال مرحوم کی میت دبئی کے ایسٹر اسپتال میں موجود ہے۔ کاغذی کارروائیوں کے بعد میت اہل خانہ کے سپرد کی جائے گی اورآج شام تک دبئی میں ہی تدفین عمل میں آئے گی۔