بھٹکل : وزیر منکال وئیدیا نے عوامی رابطے کے دوران وصول کیں 400 درخواستیں
بھٹکل ، 30 / ستمبر (ایس او نیوز) وزیر برائے ماہی گیری، بندرگاہ و اندرونی بحری نقل و حمل منکال وئیدیا نے بھٹکل تعلقہ کے کٹگار کوپّا علاقے میں عوامی رابطے کا پروگرام بنایا اور لوگوں سے ان کے احوال جاننے کی کوشش کی ۔ اس دوران مختلف مسائل کے تعلق سے عوام کی طرف سے دی جانے والی 400 سے زائد درخواستیں وصول کیں ۔
اس موقع پر ضلع انچارج وزیر منکال نے کہا کہ عوام کے مسائل کی جانکاری حاصل کرنے کے لئے میں خود گرام پنچایت سطح پر عوامی رابطے کے پروگرام منعقد کر رہا ہوں ۔ اب تک میں نے اپنے حلقے میں اس طرح کے کئی پروگرام منعقد کیے ہیں جہاں پر عوام کے مسائل جاننے کے بعد موقع پر ہی بعض مسائل حل کر دئے ہیں اور کچھ مسائل مرحلہ در مرحلہ کیے جا رہے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ سماج کے نچلے طبقات تک بھی سرکاری سہولتوں کا فائدہ پہنچنا چاہیے ۔ کسی بھی حال میں غریبوں کو سرکاری سہولتوں سے محروم نہیں رہنا چاہیے ۔ صرف اپنے حلقے میں ہی نہیں پورے ضلع کی سطح پر ایسے پروگرام منعقد کرکے عوامی مسائل کیے جا رہے ہیں ۔ حکومت نے غریبوں کے لئے گارنٹیوں کی اسکیم لاگو کی ہے تو اس کا فائدہ غریبوں کو پہنچنا چاہیے ۔ اسی سمت میں عوامی منتخب نمائندوں اور سرکاری افسران کو کام کرنا چاہیے ۔
کٹگار کوپا میں عوام کی طرف سے ضلع انچارج وزیر کو جو درخواستیں دی گئی ہیں ان میں گھروں کی مرمت، پُلوں کی تعمیر، کنویں کھدوانا، اتی کرم سکرم، سندھیا سرکھشا جیسے کئی مسائل شامل ہیں ۔ وزیر موصوف نے بعض مسائل موقع پر ہی حل کر دئے ۔ دیگر مسائل کے بارے میں متعلقہ سرکاری محکمہ سے بات چیت کرکے انہیں حل کرنے کے لئے اپنے پرسنل سیکریٹری کو ہدایت دی ۔
اس پروگرام میں کوپّا گرام کے صدر ماستی گونڈا، گرام پنچایت کے اراکین، بلاک کانگریس صدر وینکٹیش نائک، گارنٹی اسکیم کمیٹی کے تعلقہ صدر راجو نائک وغیرہ موجود تھے ۔