ایک ہی دن دبئی میں بھٹکل کے دو لوگوں کا انتقال؛ نماز کی ادائیگی کے دوران آیااللہ کا بُلاوا
بھٹکل یکم ستمبر (ایس او نیوز) دبئی میں مقیم بھٹکل کے دو لوگ ایک کے بعد ایک انتقال کرگئے۔ انا للہ و اناالیہ راجعون۔ سنیچر کو پہلے جناب محمد حُسین خطیب (75) کے انتقال کی خبر موصول ہوئی تھی، اسی رات دامودی محمد قطب (36)بھی انتقال کرگئے، جس کی اطلاع اتوار صبح کو ملی۔
بھٹکل کے معروف عالم دین مولانا انصار خطیب مدنی کے چاچا جناب محمد حُسین خطیب کے تعلق سے پتہ چلا ہے کہ وہ سنیچر کو مغرب کی نماز کے لئے کھڑے ہوئے تھے، دوسری رکعت میں ان پر دل کا دورہ پڑا اور وہ نیچے گرپڑے۔ انہیں فوری طور پر قریبی اسپتال لے جایا گیا، مگر عشاء کے وقت ہی ان کی روح قبض ہوگئی۔ دبئی سے فون پر گفتگو کرتے ہوئے ان کے فرزند فیروز نے بتایا کہ عصر کی نماز مسجد میں جاکر ادا کی تھی، پیٹھ میں درد ہونے کی وجہ سے مغرب کی نماز گھر پر ہی ادا کرنے کے لئے اللہ کے حضور کھڑے ہوگئے تھے۔جس کے دوران ہی اللہ کا بلاوا آگیا۔
مولانا انصار مدنی نے بتایا کہ ان کے پانچ فرزندوں اور دو دُختروں میں تین فرزند دبئی میں رہتے ہیں، جن سے ملنے وہ اپنی اہلیہ اور ایک دُخترکے ساتھ چار روزپہلے ہی دبئی پہنچے تھے۔ اس سے پہلے وہ قطر گئے تھے، جہاں ان کا ایک فرزند ہے۔ میت فی الحال پولس مور چری میں ہے اور حاصل کرنے کے لئے کاغذی کاروائیاں جاری ہیں۔
آج اتوار کو ملی اطلاع کے مطابق بھٹکل بندرروڈ ففتھ کراس کے رہائشی دامودی محمد قطب (36) غالباً دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے۔ دبئی سے مولوی ارشاد افریقہ ندوی نے بتایا کہ مرحوم دامودی ابوبکر کے فرزند اور دامودی طارق و یاسر کے بھائی محمد قطب دامودی قریب دس سالوں سے دبئی میں برسرروزگار تھے۔ دبئی سے متوفی کے قریبی رشتہ دار لاٹ ذاکر نے بتایا کہ سنیچر رات کو وہ والکنگ کے لئے گھر سے نکلے تھے، جس کے دوران غالبا ً ان پر دل کا دورہ پڑ گیا اور وہ نیچے گرپڑے۔ پولس نے انہیں اسی وقت اسپتال شفٹ کیا، مگر وہ جانبر نہ ہوسکے۔
پتہ چلا ہے کہ وہ عقد ثانی کے لئے بھٹکل آنے والے تھے اور ان کی 4 ستمبر کی ٹکٹ کنفرم تھی ، مگر قدرت کو کچھ اور ہی منظور تھا۔ میت فی الحال دبئی کے القیادہ پولس ہیڈکوارٹر میں ہے اوربھٹکل مسلم جماعت دبئی کے تعاون سے میت حاصل کرنے کی کوشش جاری ہے۔ کاغذی کاروائیوں کے بعد دبئی میں ہی تدفین عمل میں آئے گی۔
اللہ تعالیٰ دونوں کی بال بال مغفرت فرمائے، جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ امین