بھٹکل 5 جنوری (ایس او نیوز) تعلقہ میں چوری کی وارداتیں رُکنے کا نام نہیں لے رہی ہیں، چور بغیر کسی خوف کے دھڑادھڑ چوری کی وارداتیں انجام دے رہے ہیں، تازہ واقعہ تعلقہ کے منکولی میں بھارت گیس ڈسٹری بیوشن کے دفتر میں پیش آئی ہے، جہاں چوردفتر کا دروازہ توڑ کر اندر داخل ہوئے ہیں اور پانچ لاکھ نقد رقم لے کر فرار ہوگئے ہیں۔ چوری کی پوری واردات دفتر میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں میں قید ہوگئی ہے۔
چوری کی اس واردات کو لے کر بھارت گیس ڈسٹری بیوٹر دینکر ۔ وٹھل کِنی نے پولیس تھانہ میں شکایت درج کرائی ہے، جس کے مطابق وہ پرائیویٹ کام سے پڑوسی ضلع شیموگہ کے تیرتہلّی گیا تھا اور 2 جنوری کو واپس آیا تھا، کام میں مصروف ہونے کی وجہ سے تھکا ہوا تھا جس کی وجہ سے اس نے 5,11,742 روپے نقدی والا بیگ دفتر میں چھوڑ گیا تھا۔ 3 جنوری کی صبح جب وہ دفتر پہنچا تو یہ دیکھ کر دنگ رہ گیا کہ دروازہ ٹوٹا ہوا ہے، اس نے پولیس کو اطلاع دی جو جائے وقوع پر پہنچ گئی۔ سی سی ٹی وی فوٹیج کو کھنگالا گیا تو پتہ چلا کہ نقاب پوش چوروں کی کرتوت دفتر کے سی سی ٹی وی میں قید ہوگئی ہے۔
بھٹکل میں چوری کی وارداتوں میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے عوام میں بے چینی پائی جارہی ہے۔ تعلقہ میں چوری کے واقعات بڑے پیمانے پر ہورہے ہیں اور چور بغیر کسی خوف کے گھروں، دکانوں، دفاتر اور گیراجوں وغیرہ میں گھس کر محنت کی کمائی پر ہاتھ صاف کررہے ہیں۔ عوام اس بات پر بھی تعجب کا اظہار کررہے ہیں کہ چوروں کی سرگرمیاں سی سی ٹی وی میں قید ہونے کے باوجود پولیس چوروں کا سراغ لگانے میں ناکام ہے۔ اب لوگ یہ کہنے پر مجبور ہوگئے ہیں کہ آئندہ اُنہیں ہی آگے بڑھ کر چوروں کو پکڑ نا ہوگا اور پولیس کے حوالے کرنا پڑے گا۔