بھٹکل میں ڈینگی بخاراورمیونسپل افسران کا متاثرہ علاقوں کا دورہ؛ عوام نے مچھروں کی بھرمارسے ظاہرکی تشویش؛ فوگنگ پردیا زور
بھٹکل 16/اکتوبر(ایس او نیوز/ فیاض مُلّا) بھٹکل کے پرانے محلوں میں ڈینگوبخارکے معاملات کو دیکھتے ہوئے کونسلرفیاض مُلا کی درخواست پرمیونسپل چیف آفسرنیل کنٹھ میستا سمیت دیگراہلکاروں نے بھٹکل فاروقی اسٹریٹ، تکیہ اسٹریٹ، شاذلی اسٹریٹ، غوثیہ اسٹریٹ اور مین روڈ کا دورہ کیا اورعوام کی زبانی اُن کے احوال جاننے کی کوشش کی، البتہ شام کو بارش شروع ہونے کی وجہ سے دورہ کو مختصر کیا گیا۔
ڈینگو سے متاثرہ علاقوں میں عوام نے چیف آفسرکو مچھروں کی بھرمار ہونے کی شکایت کی، اس موقع پربعض لوگوں نے ڈینگو سے متاثرہ اپنے بچوں کو سامنے لاکردکھایا، جبکہ بعض نے مچھروں کے کاٹنے کی وجہ سے بدن پر پڑے نشانات کو دکھاتے ہوئے مچھروں سے نجات دلانے علاقہ میں فوگنگ کرانے پرزور دیا۔ علاقہ میں بعض جگہوں پرسڑک کنارے سائٹ گھٹر میں جمع پانی اورمچھروں کی افزائش کی طرف توجہ مبذول کرائی، اسی طرح بعض جگہوں پرسڑک کنارے کچروں کو نہ ہٹانے اورنالوں کی صفائی کے بعد نالوں کے قریب پڑی ہوئی مٹی کو اُدھر ہی چھوڑے جانے کی شکایت کی۔ اسی طرح یوجی ڈی کے بعض چمبرس بلاک ہونے کی وجہ سے کنووں میں گھٹر کا پانی جمع ہونے کی بھی شکایت کی گئی۔
غوثیہ اسٹریٹ میں واقع پمپنگ اسٹیشن کے باہرتعمیرڈرینیج کا سوکھا کچرہ ذخیرہ کرنے والی جگہ پرمچھروں کی افزائش کو دیکھتے ہوئے میونسپل چیف آفسر نے فوری کاروائی کرتے ہوئے اُسے شیٹ کی مدد سے بند کرادیا اور میونسپل حکام کو حکم دیا کہ وہ ہفتہ میں دو دن یہاں کی صفائی کرے۔ اسی طرح انہوں نے حکام کوضروری ہدایات دیتے ہوئے عوام کو یقین دلایا کہ مچھروں کی افزائش والی جگہوں پرایک دن کے اندر صفائی کی جائے گی اور کچروں سمیت مٹی کو ہٹادیا جائے گا۔ انہوں نے عوام کے مطالبوں کو دیکھتے ہوئے فوگنگ کرائے جانے کی بھی یقین دھانی کرائی۔
غوثیہ اسٹریٹ کا کمزور پُل:
علاقہ کے لوگوں نے جب میونسپل اہلکاروں کو غوثیہ اسٹریٹ والے کمزور پُل پر لے گئے اوربتایا کہ ایک مخصوص مقام پربائک کے گذرنے کی وجہ سے یا اُچھل کود کرنے سے بریج وائبریٹ ہوتا ہے توموقع پرموجود انجینراروند راو نے عوام کو یقین دلایا کہ بریج کی تھرتھراہٹ کوئی مسئلہ نہیں ہے، اس سے عوام کو گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔
کچروں کی گاڑی گھرکے قریب نہ آنے کی شکایت:
بعض لوگوں نے شکایت کی کہ صبح گھر گھر کچرہ جمع کرانے کے لئے میونسپالٹی کی جو گاڑی آتی ہے وہ ان کے مکان سے کافی فاصلے پررُکتی ہے اورگھر کے قریب نہیں آتی، البتہ گاڑی کا ایک اہلکار گھرپرکچرا لے جانے کے لئے آتا ہے، گاڑی کافی فاصلے پر کھڑی ہونے کی وجہ سے مکینوں کو گاڑی آنے کی خبرنہیں ہوتی، اس وجہ سے اگر کچرا دینے میں تھوڑی تاخیر ہوجائے تو وہ شخص کچرے کی تھیلی کو گھر کے سامنے ہی پھینک کرچلاجاتا ہے۔ چیف آفسر نے موقع پرموجود سنئیر ہیلتھ آفسرسوجیا سُومن کو ہدایت دی کہ گاڑی کو گھر کے قریب لانے کو یقینی بنائے اورعوام کو مزید شکایت کا موقع نہ دے۔
عین موقع پر بارش شروع ہونے کی وجہ سے دورہ کو مختصر کرنا پڑا اور پھر کسی دن مزید علاقوں کا دورہ کرنے کی یقین دھانی کراتے ہوئے میونسپل حکام کا یہ وفد واپس چلاگیا۔ میونسپل کونسلر فیاض مُلّا کے ساتھ ایک اور کونسلرمحترمہ کوثر چامنڈی بھی موجود تھی۔
Bhatkal Dengue Concerns Prompt Municipal Visit; Residents Call for Urgent Mosquito Control Measures