بھٹکل: میونسپل کونسلر نےکی نیشنل ہائی وے سے متصل امیوزمینٹ پارک کی مخالفت
بھٹکل 22/مئی(ایس او نیوز) تعلقہ کے میونسپل حدود میں پرانے ویبھو ہوٹل کے قریب نیشنل ہائی وے 66 سے متصل امیوزمینٹ یا تفریحی پارک قائم کرنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں، جس کو لے کر میونسپل کونسلر فیاض ملا نے عوامی تحفظ کے بارے میں خدشات کا اظہار کرتے ہوئے اس پارک کو ہائی وے سے متصل قائم کرنے پر سخت اعتراض جتایا ہے اور کسی بھی حالت میں یہاں اسے قائم نہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
اخباری بیان جاری کرتے ہوئے فیاض مُلا نے بتایا کہ تفریحی پارک کے لیے مجوزہ مقام نیشنل ہائی وے 66 سے لگ کر ہے، جہاں تیزی کے ساتھ گاڑیوں کی آمدورفت ہوتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ایسی جگہ پر پارک اور عوام کا میلہ کرنے کی اجازت دینا عوام کی جان کے لیے خطرہ ہے۔ فیاض مُلا نے حال میں ہوئے ایک سڑک حادثہ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ اسی جگہ پر چند ماہ قبل تفریحی پارک قائم کیا گیا تھا جہاں سے ایک بچہ باہر نکل کر اپنے ماں باپ کے ساتھ نیشنل ہائی وے کو کراس کررہا تھا جس کے دوران کار کی زد میں آکر اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھاتھا۔
انہوں نے محکمہ پولس اور دیگر حکام کی طرف سے اس پارک کو اجازت دینے کے تعلق سے مشورہ دیا کہ اگر ضروری ہو تو انہیں قومی شاہراہ سے متصل قائم کرنے کے بجائے کسی محفوظ فاصلے پر قائم کرنے کی اجازت دی جائے تاکہ گاڑیوں کی نقل و حرکت اور عوام کی حفاظت میں رکاوٹیں ن پیدا نہ ہوسکے ۔ ملا نے مقامی انتظامیہ اور محکمہ پولیس سے اس معاملے کو فوری حل کرنے کی اپیل کی ہے۔
فیاض مُلا نے بتایا کہ اس تعلق سے انہوں نے بھٹکل ڈی وائی ایس پی کو بھی ایک یادداشت پیش کی ہے اور کسی بھی حالت میں موجودہ مقام پر پارک کو قائم کرنے کی اجازت نہ دینے کی درخواست کی ہے۔
Bhatkal: Councillor Opposes Amusement Park Near National Highway