معصوم بھٹکلی بچہ دبئی سوئمنگ پُول میں ڈوب کر جاں بحق
دبئی 18/اکتوبر (ایس او نیوز) معصوم بھٹکلی بچہ دبئی کے ایک سوئمنگ پول میں ڈوب کر جاں بحق ہوگیا جس کی شناخت شاہ بندری محمدعاصم (پی ایم جی) کے فرزند محمد شاہ بندری کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ واردات جمعہ کی شام کو پیش آئی۔
بتایا گیا ہے کہ ساڑھےپانچ سال کا یہ معصوم بچہ دبئی کی الغریر رہائشی بلڈنگ کے تھرڈ فلور پر واقع بچوں کے سوئمنگ پول میں بچوں کے ساتھ ہی تیراکی کررہا تھا، اس موقع پر اس کے گھروالے قریب میں ہی موجود تھے، جبکہ قریب آٹھ لوگ بڑوں کے لئے واقع سوئمنگ پول میں تیراکی کررہے تھے۔
بچہ نہ جانے کب بڑوں کی سوئمنگ پول میں آکر کود گیا کسی کو پتہ نہیں چلا ،کچھ دیر بعد جب بچے پرنظر پڑی تو فوری باہر نکالا گیا، بتایا گیاہے کہ اُس وقت بچے کی سانسیں چل رہی تھی، البتہ حالت نازک تھی، پولس کی مدد سے ایمبولنس پر اسے سیدھے دبئی اسپتال لے جایا گیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی جماعت کے سابق جنرل سکریٹری اور سرگرم رکن جناب جیلانی محتشم اسپتال پہنچ گئے ، خبر ملتے ہی دیگر اراکین انتظامیہ سرفراز جوکاکو، آفاق نائطے، عمران خطیب اور کافی دیگر ذمہ داران بھی دبئی اسپتال پہنچ گئے اور ڈاکٹروں سے بات چیت کرتے ہوئے ضروری کاروائی کی۔
ڈاکٹروں نے آئی سی یو میں قریب ڈیڑھ گھنٹوں تک محمد شاہ بندری کو بچانے کی کوشش کی، مگر اسے بچایا نہ جاسکا۔ دبئی کےوقت کے مطابق رات قریب 9:30 بجے (انڈین وقت کے مطابق رات 11:00 بجے) ڈاکٹر نے بچے کی موت کی خبر دی۔انا لللہ و انا الیہ راجعون۔
محمد شاہ بندری دبئی کےسینٹرل اسکول میں کے جی سکینڈ کا طالب العلم تھا۔
بچے کے انتقال کی خبر ملتے ہی دبئی اور امارات میں رہائش پذیر بھٹکل کے کافی لوگ بھی اسپتال پہنچ گئے اور بچے کے والدین سے تعزیت کرتے ہوئے اُنہیں صبر کرنے کی تلقین کی۔
خیال رہے کہ کاغذی کاروائیوں کے بعد میت گھروالوں کے حوالے کی جائے گی۔