بینگلورو: دھوتی میں ملبوس کسان کو داخلہ نہ دینے کا معاملہ : حکومت نے دیا سات دن کے لئے مال بند کرنے کا حکم
بینگلورو، 18 / جولائی (ایس او نیوز) دو دن قبل بینگلورو کے ایک مال میں ایک عمر رسیدہ کسان اور اس کے اہل خانہ کو اس وجہ سے داخلہ دینے سے انکار کیا گیا تھا کہ وہ کسان دھوتی میں ملبوس تھا ۔ اس واقعے کی ویڈیو کلپ وائرل ہونے کے بعد اس کے خلاف آوازیں اٹھنے لگی تھیں اور مال کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا جا رہا تھا ۔
در اصل بدھ کے دن ہاویری ضلع سے تعلق رکھنے والا فقیرپّا نامی کسان اپنے بیٹے ناگ راج اور بیوی ملّمّا کے ساتھ بینگلورو کے ماگڑی روڈ پر واقع جی ٹی ورلڈ مال گیا تھا جہاں ایک کنڑا فلم دیکھنے کے لئے انہوں نے ٹکٹ بک کی تھی ۔ چونکہ فقیرپّا دھوتی میں ملبوس تھا اس لئے سیکیوریٹی گارڈ نے اسے مال میں داخل ہونے سے یہ کہتے ہوئے روکا کہ مال کے اندر دھوتی جیسا لباس ممنوع ہے ۔
اس واقعے کی ویڈیو کلپ وائرل ہونے کے بعد کنڑا رکشنا ویدیکے، کسانوں کی تنظیمیں اور دیگر اداروں نے اس کے خلاف مذکورہ مال کے سامنے فقیرپّا جیسا ہی لباس پہن کر احتجاجی مظاہرا کیا اور فقیرپّا کے لئے انصاف کا مطالبہ کرتے ہوئے مال کے سیکیوریٹی عملے خلاف کٹھن کارروائی کا مطالبہ کیا ۔
سینئر کانگریسی لیڈران اور بڑے تاجروں نے اس واقعے کی مذمت کی اور فقیرپّا کے حق میں اپنی آواز بلند کی ۔ شانتی نگر کے ایم ایل اے حارث نے اس معاملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دھوتی ہماری ثقافت اور روایات کا حصہ ہے ۔ لباس کی بنیاد پر کہیں بھی کسی کا داخلہ نہیں روکنا چاہیے ۔
چاروں طرف سےمذمت کے بعد مال کے سیکیوریٹی انچارج پرشانت نے اس واقعے پر معافی نامہ جاری کیا اور تیقن دیا کہ آئندہ اس قسم کا معاملہ مال میں دہرایا نہیں جائے گا ۔
بی جے پی کے رکن اسمبلی لیڈر آف اپوزیشن آر اشوک نے اسمبلی میں اس معاملے کو اٹھاتے ہوئے حکومت سے مال کے خلاف فوراً کارروائی کا مطالبہ کیا ۔ اس کے جواب میں سوشیل ویلفئر منسٹر ایچ سی مہادیوپّا نے کہا کہ حکومت نے اس واقعے سے متعلق رپورٹ طلب کی ہے جس کے ملنے پر ضروری کارروائی کی جائے گی ۔ اس پر بحث میں مداخلت کرتے ہوئے کانگریسی رکن اسمبلی لکشمن ساوڈی نے کہا کہ حکومت کو کسی کمیٹی کی تشکیل یا رپورٹ کا انتظار کرنے کی ضرورت نہیں ہے ۔ ضابطے کے مطابق مال کا بجلی کنکشن سات دن کے لئے کاٹ دیا جائے ۔
اس پس منظر میں وزیر برائے اربن ڈیولپمنٹ اینڈ ٹاون پلاننگ بھئیرتی سریش نے اسمبلی میں اعلان کیا کہ "سرکاری قوانین کے مطابق کسان کو اندر داخل ہونے سے روکنے پر جی ٹی مال سات دنوں کے لئے بند رکھا جائے گا ۔"