بینگلورو: اندرا کینٹینوں پر بی بی ایم پی افسران کڑی نظر رکھیں گے ، ہر ایک کینٹین کیلئے افسرمقرر،روزانہ غذائی اشیاء کی جانچ اور رپورٹ پیش کرنی ہوگی: چیف کمشنرتشار گری ناتھ
بینگلورو:، 12/جولائی(ایس او نیوز) بروہت بینگلورو مہا نگر پالیکے(بی بی ایم پی) چیف کمشنر تشار گری ناتھ نے بتا یا کہ شہر کے اندرا کینٹینوں میں بد نظمی ٹھیک کرنے کے مقصد سے ہر ایک کینٹین کے لئے ایک افسر کو مقرر کیا جائے گا۔ اخباری نمائندوں سے بات کر تے ہو ئے تشار گری ناتھ نے اس بات کی جانکاری دی۔
انہوں نے بتا یا کہ گزشتہ اتوار اندرا کینٹینوں کا دورہ اور معائنہ کے دوران نائب وزیر اعلیٰ نے چند ہدایتیں دی ہیں،جس پر عمل کر تے ہو ئے شہرکے ہر ایک اندرا کینٹین کے لئے ایک افسر کو مقرر کیا جائے گا۔انہوں نے بتا یا کہ مقرر کئے جانے والے افسران روزانہ اندرا کینٹینوں کا دورہ کر تے ہو ئے یہاں دستیاب غذائی اشیاء کے معیارکی جانچ کر یں گے۔انہوں نے بتا یا کہ نا ئب وزیر اعلیٰ کے دورہ کے دوران چند افراد اندرا کینٹینوں میں کھانے کے لئے مقرر کر دہ رقم سے زیادہ رقم حاصل کئے جانے کا پتا لگا تھا،مقرر کر دہ افسران کو اس جانب بھی توجہ مبذول کرنا ہوگا۔تشار گری ناتھ نے بتا یا کہ اندرا کینٹینوں میں پینے کے پانی کی سہولت سمیت دیگر سہولیات کے متعلق جائزہ لے کر روزانہ رپورٹ پیش کرنے کے لئے ہدایت دی جائے گی۔انہوں نے بتا یا کہ تمام اندرا کینٹینوں کے لئے مقرر کئے جانے والے افسران روزانہ رپورٹ پیش کرنے کے مقصد سے علاحدہ سافٹ ویر تیار کیا جائے گا،جس میں افسران کو روزانہ رپورٹ اپ لوڈ کرنا پڑے گا۔
بی بی ایم پی چیف کمشنر نے بتا یا کہ اندرا کینٹینوں کے لئے غذائی اجناس کی سربراہی کے لئے ٹنڈر طلب کرنے کے لئے حکومت سے منظوری حاصل کی جائے گی۔انہوں نے بتا یا کہ اندراکینٹینوں کے مینو اور کنٹراکٹ کو مقرر کی جانے والی رقم میں چند تبدیلیاں لانے کے لئے حکومت کو تجویز پیش کی جائے گی، حکومت سے منظوری ملنے پر زونس سطح پر غذائی اشیاء کی سربراہی کے لئے تین دنوں کے اندر ٹنڈر طلب کیا جائے گااور 15دنوں کے اندر ٹنڈر کارروائی مکمل کر لی جائے گی۔انہوں نے بتا یا کہ ٹنڈر میں حصہ لینے والے کنٹراکٹروں کو شرائط پر عمل کرنے کی شرط رکھی گئی ہے۔
انہوں نے بتا یا کہ اندرا کینٹینوں کے لئے پرانا ہیلپ لائن نمبر ہے،لیکن اب 1533نیا ہیلپ لائن نمبر شروع کیا گیا ہے،اس نمبر کو تمام اندرا کینٹینوں کے لئے لنک کرنے کے لئے درکار اقدامات کئے جائیں گے۔