کویت 12/ جون (ایس او نیوز/ایجنسی ) کویت کے جنوبی شہر منگاف میں ایک عمارت میں آگ لگنے سے چالیس ہندوستانی سے سمیت پچاس افراد ہلاک ہو گئے۔ آگ بدھ کی صبح گراونڈ فلور کے ایک کمرے میں لگی جو بعد میں پوری عمارت میں پھیل گئی اور اپنے لپیٹے میں لے لیا۔ صبح کی اولین ساعتوں میں لگی آگ تیزی سے پوری عمارت میں پھیل گئی اور کئی لوگ عمارت کے اندر پھنس گئے۔ اس حادثے میں کئی لوگ شدید زخمی بھی ہوئے ہیں۔
سینئر پولیس افسر عید راشد حماد نے بتایا کہ واقعہ مقامی وقت کے مطابق صبح 6 بجے کے قریب پیش آیا۔ جس عمارت میں آگ لگی وہاں بڑی تعداد میں مزدور رہائش پذیر تھے۔ پولیس افسر کا کہنا تھا کہ درجنوں افراد کو عمارت سے باہر نکالا گیا تاہم آگ لگنے سے متعدد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔زخمیوں کا علاج جاری ہے۔
کویت کی وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق عمارت سے نکالے گئے تمام زخمیوں کو علاج کے لیے قریبی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ وزارت نے کہا کہ ڈاکٹر اور اہلکار عمارت میں آگ لگنے سے زخمی ہونے والوں کو مناسب طبی امداد فراہم کرنے کے لیے تمام اقدامات کر رہے ہیں۔
پولیس افسر نے بتایا کہ اس عمارت میں تقریباً 195 مزدور رہتے تھے۔ عمارت میں ہندوستان کی ریاست کیرالہ کے رہنے والوں کی تعداد زیادہ ہے۔ شام تک آگ پر مکمل طور پر قابو پالیا گیا تھا۔ تاہم مزید لوگوں کے عمارت کے اندر پھنسے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جارہاتھا۔ ایک افسر نے بتایا کہ اس عمارت کی ملکیت این بی ٹی سی گروپ کے تحت ملیالی تاجر کے جی ابراہیم کے پاس ہے۔
بتاتے چلیں کہ اس سے قبل جنوری کے مہینے میں کویت میں ایک بڑی آئل ریفائنری میں مرمت کے کام کے دوران بھی آگ بھڑک اٹھی تھی۔ جس میں دو ملازمین ہلاک ہو گئے تھے۔ تازہ واردات کے بعد ہندوستانی وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے نہایت افسوس کا اظہار کیا ہے۔
واردات پر ردعمل ظاہر کرتے یوئے انہوں نے بتایا کہ ہمارے سفیر کیمپ پہنچ چکے ہیں۔ ہم مزید معلومات کا انتظار کر رہے ہیں۔ افسوسناک طور پر اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھنے والوں کے اہل خانہ سے میں دلی تعزیت کرتا ہوں۔ میں زخمیوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کی خواہش کرتا ہوں۔ ہمارا سفارت خانہ اس سلسلے میں تمام متعلقہ افراد کو مکمل مدد فراہم کرے گا۔