موڈ بھٹکل بائی پاس ہائی وے پر پھر پیش آیا سڑک حادثہ؛ دوسواریوں کی ٹکرمیں دونوں سواریوں کو شدید نقصان
بھٹکل ٣٠/اکتوبر (ایس او نیوز) موڈ بھٹکل بائی پاس نیشنل ہائی وے جہاں سڑک کا تعمیری کام آدھا ادھورا چھوڑا گیا ہے، بالخصوص مینگلور سے بھٹکل کی طرف آنے والی سواری مخالف سمت سے آنے والی سواری سے ٹکراجاتی ہے، یہاں معاملہ یہ ہے کہ مینگلورسے بھٹکل کی طرف آنے والی سوسواریوں کو معلوم ہی نہیں ہوتا کہ کب اور کہاں سے ہائی وے فورلائن سے دو لائن میں تبدیل ہوجاتا ہے۔
ہائی وے کا کام جس انداز میں یہاں آدھورا چھوڑا گیا ہے، اس کی وجہ سے پچاس میٹرکی یہ جگہ حادثوں کی آماجگاہ بنتی جارہی ہے۔ یہاں گذشت چار دنوں میں تین حادثات پیش آچکے ہیں جس میں دولوگ اپنی جانیں گنواچکے ہیں۔ اسی روڈ پر رات دیر گئے پھر ایک سڑک حادثہ پیش آیا ہے جس میں دونوں سواریوں کو شدید نقصان پہنچا ہے، البتہ گاڑیوں پر سوار سبھی لوگ معمولی چوٹوں کے ساتھ محفوظ رہ گئے ہیں۔
تازہ حادثہ اُس وقت پیش آیا جب دھرمستھلا سے بیلگام کے خانہ پور جانے والی ٹریکس جس پر ڈرائیور سمیت دس لوگ سوار تھے مقابل سمت سے آنے والی اینّوا کار سے ٹکراگئی۔ اِینّوا کار پر سوار چار لوگ ہبلی سے موڈ بیدری جارہے تھے۔ حادثہ اتوار اور پیر کی درمیانی شب قریب ایک بجے پیش آیا۔
حادثے میں دونوں گاڑیوں پر سوار لوگوں کو معمولی چوٹیں آئی ہیں۔ جن کو بھٹکل سرکاری اسپتال سے مرہم پٹی کرانے کے بعد گھر جانے کی اجازت دی گئی ہے۔
بھٹکل ٹاون پولس تھانہ میں معاملہ درج کیا گیا ہے۔