بھٹکل : نیشنل ہائی وے پر جانوروں کی حکمرانی؛ سواریوں کو گذرنے میں ہورہی ہے دشواری؛ کون کسے گا لگام ؟
بھٹکل 6/ستمبر (ایس او نیوز) بھٹکل سے گوا پہنچنے تک نیشنل ہائی وے پر جانوروں کی حکمرانی نظر آتی ہے جو ہائی وے پر آوارہ گردی کرتے رہتے ہیں، لیکن ان جانوروں کی آوارہ گردی سے آئے دن سڑک حادثات رونما ہورہے ہیں۔ اگر آپ موٹر بائک پر سوار ہوں اور اچانک آپ کے سامنے جانور آجائے تو ظاہر بات ہے آپ اُس سے بچنے کی کوشش کریں گے، لیکن اسی کوشش میں اکثر لوگ اپنی سواری پر سے توازن کھوبیٹھتے ہیں اورکانکریٹ سے بنے ہائی وے پر گرتے ہی اسپتال جاکر ہی انکھ کھلتی ہے، اگر ایسے میں آپ نے ہیلمیٹ نہیں پہنا ہے تو پھر جان سے بھی ہاتھ دھو سکتے ہیں۔
دن کے اوقات میں سواروں کو دور سے جانور نظر آسکتے ہیں تو ڈرائیورس پہلے ہی الرٹ ہوسکتے ہیں، لیکن رات کے اندھیرے میں ایسا ہوجائے تو کیا ہوگا ؟ بالخصوص نیشنل ہائی وے فورلائن کا کام شروع ہونے کے بعد سڑک کنارے لائٹوں کا انتطام نہ ہونے سے لوگ پہلے ہی پریشان ہیں اور ہائی وے کے چہاروں جانب اندھیرا ہی اندھیرا ہی چھایا رہتا ہے، آپ کی بائک کے سامنے اچانک جانور آجائے تو آپ اس سے ٹکرانے سے کیسے بچ پائیں گے ؟ دو پہیہ والی سواریاں چلانے والوں کو ابھی سے ہوشیار ہوکر گاڑی چلانے کی ضرورت ہے کیونکہ ہائی وے پر اچانک جانور آپ کے راستے میں آسکتا ہے۔
یاد رہے کہ حال ہی میں کاروار میں ایک جانور سے ٹکرانے کے نتیجے میں ہی بھٹکل کا ایک نوجوان فوت ہوگیا تھا، جبکہ دوسرا نوجوان ابھی بھی شدید زخمی حالت میں مینگلور اسپتال میں ایڈمٹ ہے اور آئی سی یو سے باہر نہیں نکل پایا ہے۔
ہائی وے پر جانوروں کی بے لگام آوارہ گردی سے پریشان عوام تعلقہ انتظامیہ نیز ضلعی انتظامیہ پر زور دے رہے ہیں کہ وہ اس تعلق سے فوری قدم اُٹھائیں اورعوام کو راحت پہنچائیں۔