بی جے پی کے سابق رکن اسمبلی انل جھا کی عام آدمی پارٹی میں شمولیت
نئی دہلی، 17/نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی) اتوار کے روز دہلی کی سیاست میں دو بڑے واقعات پیش آئے۔ پہلے واقعے میں، دہلی کے وزیر ٹرانسپورٹ اور سابق وزیر سیاحت کیلاش گہلوت نے عام آدمی پارٹی سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے بی جے پی کا دامن تھام لیا اور اروند کیجریوال پر سنگین الزامات لگائے۔ دوسری جانب، بی جے پی کے سینئر لیڈر اور دو بار کے رکن اسمبلی، انل جھا نے پارٹی کو چھوڑ کر عام آدمی پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی، جس سے دہلی کی سیاسی صورتحال مزید دلچسپ ہو گئی ہے۔
انل جھا کی شمولیت پر اروند کیجریوال نے ان کا گرم جوشی سے خیر مقدم کیا اور انہیں پوروانچل کا ایک بڑا لیڈر قرار دیا۔ کیجریوال نے کہا، ’’انل جھا نے دہلی کی ہر بستی میں زبردست کام کیا ہے اور پوروانچل کے لوگوں کو ایک باوقار زندگی دی ہے۔ بی جے پی بتائے کہ انہوں نے دہلی میں پوروانچل کے لوگوں کے لیے کیا کیا؟‘‘
عآپ میں شمولیت کے بعد انل جھا نے کہا، ’’پوروانچل کے لیے اگر کسی نے حقیقی طور پر کام کیا ہے تو وہ اروند کیجریوال ہیں۔ گزشتہ 10 سالوں میں انہوں نے پینے کا صاف پانی ہر گھر تک پہنچایا ہے۔‘‘ واضح رہے کہ انل جھا بی جے پی کی ٹکٹ پر 2008 اور 2013 میں کِراڑی سے اسمبلی انتخابات جیت چکے ہیں۔
دوسری طرف کیلاش گہلوت نے استعفیٰ دیتے ہوئے عآپ کے قومی کنوینر اروند کیجریوال کو خط لکھا، جس میں انہوں نے کئی سنگین الزامات لگائے ہیں۔ ذرائع کے مطابق، کیلاش گہلوت کا استعفیٰ منظور کر لیا گیا ہے۔ آج کا دن عام آدمی پارٹی کے لیے خوشی اور غم کا ملا جلا لمحہ رہا۔