بھٹکل : وائی ایم ایس اے کے زیراہتمام انڈر 16 کرکٹ ٹورنامنٹ میں الہلال کی شاندار فتح، الفلاح کو سات وکٹوں سے شکست
بھٹکل، 28 اکتوبر (ایس او نیوز): ینگ مسلم سروس ایسوسی ایشن (YMSA) کے زیر اہتمام انڈر 16 کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں مخدوم کالونی کی الہلال ٹیم نے کارگیدے کی الفلاح کو شکست دے کر پہلی پوزیشن حاصل کرلی، جبکہ الفلاح ٹیم نے دوسرے مقام پر اکتفا کیا۔
آج پیر کو بھٹکل نوائط کالونی میں واقع تعلقہ اسٹڈیم المعروف YMSA گراؤنڈ میں کھیلا گیا فائنل میچ نہایت دلچسپ رہا۔ الفلاح نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور دس اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 101 رنز بنائے۔ ان کی جانب سے آل راؤنڈر نبان نے محض 22 گیندوں میں 6 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 47 رنز بنائے، جس نے ٹیم کو مستحکم اسکور تک پہنچایا۔
الہلال کے بلے باز جب میدان میں اترے تو الفلاح کے تیز گیند باز نبان کے پہلے اوور میں ہی دونوں اوپنرز بیک فٹ پر نظر آئے اور کوئی رن بنانے میں کامیاب نہ ہوسکے، البتہ ایک بائی اور وائڈ کی وجہ سےٹیم کو دو رن ضرور ملے۔ دوسرے اوور میں اوپنر بلے بازوں نے صُہیم کی گیند پر 27 رنز بناکر پہلے اوور کی کسر پوری کی۔ پانچویں اوور میں الفلاح کو پہلی کامیابی ملی، جب علی کو وکٹ کیپر مہمین اسٹمپ اُکھاڑ کر پویلین کا راستہ دکھایا۔علی نے 20 گیندوں پر 16 رنز بنائے جس میں 2 چھکے بھی شامل تھے۔
دوسرے اوپنر شمویل نے بہترین بلے بازی کا مظاہرہ جاری رکھا اور 15 گیندوں پر 31 رنز بنائے، جس میں 2 چھکے اور 3 چوکے شامل تھے، انہیں بعد میں مین آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا۔ الفلاح کے بولرز اضافی رنز پر قابو نہ رکھ سکے اور 19 وائیڈ سمیت مجموعی طور پر 28 اضافی رنز دیے ۔ آخری گیارہ گیندوں پر الہلال کو 15 رنز درکار تھے، جس دوران شائقین کرکٹ کے جوش و خروش سے باونڈری کے پار جانے والی ایک گیند کو شائقین میں سے کسی نے روک دیا، جس کی وجہ سے میچ کو کچھ دیر کے لیے روکنا پڑا۔ اس موقع پر کالے بادل چھاگئے تھے اور ہلکی بارش بھی شروع ہوگئی، جس کی وجہ سے تیز گیندبازی سے الہلال کو نقصان پہنچنے کا خدشہ پیدا ہوگیا تھا، مگر آرمان اور نُبید نے پورے عزم و حوصلے کا مظاہرہ کرتے ہوئے نویں اوور کی آخری گیند پر چوکا لگا کر میچ اپنے نام کرلیا اور الفلاح کو سات وکٹوں سے شکست دی۔
انڈر 16 کے اس ٹورنامنٹ کا آغاز 19 اکتوبر کو ہوا جس میں بھٹکل تعلقہ کی 20 ٹیموں نے شرکت کی۔ پہلے سیمی فائنل میں الہلال نے سن شائن کو 13 رنز سے ہرایا، جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں الفلاح نے YMSA کو با آسانی شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی۔
سن شائن کے عبدان ابن عبدالباقی ائیکری نے ٹورنامنٹ کے چار میچوں میں سب سے زیادہ 251 رنز بنائے جس میں 23 چھکے شامل تھے، جبکہ مرڈیشور کے خلاف ان کا بہترین انفرادی اسکور 76 رنز رہا۔ باولنگ کے شعبے میں الہلال کے آرمان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کیں۔ سب سے زیادہ اسکور بنانے کا اعزاز YMSA کو ملا، جس نے کوسموس کے خلاف 10 اوورز میں 1 وکٹ کے نقصان پر 159 رنز بنائے، حالانکہ کوسموس نے عمدہ تعاقب کیا مگر انہیں 12 رنز سے شکست ہوئی۔
اختتامی تقریب میں YMSA کے صدر فواز سکری، جنرل سکریٹری ایڈوکیٹ آفاق کولا، سرگرم رکن جاوید حسین آرمار اور بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کے صدر مولانا وصی اللہ ڈی ایف اور جنرل سکریٹری مبشر حسین ہلارے موجود تھے۔ ذمہ داران نے پہلی اور دوسری پوزیشن کی ٹیموں کو ٹرافی کے ساتھ بالترتیب پندرہ ہزار اور دس ہزار روپے نقد انعام سے نوازا۔
آرگنائزر نے ٹورنامنٹ کے مقصد پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ اس کا اصل مقصد نوجوانوں کو موبائل سے دور کرکے صحت مند سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا تھا۔ کھلاڑیوں نے بھرپور شرکت کی اور شائقین نے بھی موبائل سے دور ہوکر کھیل کا لطف اٹھایا، جس سے ٹورنامنٹ کے انعقاد کا مقصد بخوبی پورا ہوا۔