سرسی اورانکولہ کے بعد اب بھٹکل میں خاتون کے گلے سے سونے کی چین چھین کرفرارہونے کی واردات
بھٹکل 20/ستمبر (ایس او نیوز) ضلع اُترکنڑا کے سرسی اورانکولہ کے بعد خاتون کے گلے سے سونے کی چین چھین کرفرارہونے کی تازہ واردات اب بھٹکل میں پیش آئی ہے۔
پولس نے بتایا کہ شرالی کے سونارکیری کراس پرمچھلی فروخت کرنے والی ایک خاتون کے گلے سے سونے کا چین چھین کر لُٹیرے فرارہوگئے ہیں۔
مچھلی فروش ناگمّا موگیرنے پولس کوبتایا کہ وہ مچھلی کی ٹوکری کے ساتھ سونارکیری کراس سے گذر رہی تھی جس کے دوران ایک بائک اس کے قریب آکر رُکی اورمچھلیاں دکھانے کے لئے کہا، جیسے ہی وہ مچھلیاں دکھانے کے لئےاُن کے مزید قریب گئی، بائک سوار نے اس کے گلےسے سونے کا چین چھین لیا۔ ناگمّا موگیر کے مطابق بائک پر دو لوگ سوار تھے، بائک چلانے والا ہیلمیٹ میں تھا، البتہ پچھلی سیٹ پر سوار شخص ہیلمیٹ میں نہیں تھا۔ ناگمّا کے مطابق چین اُن کے ہاتھ لگتے ہی دونوں فرار ہوگئے۔ چرائی گئی سونے کی چین کی قیمت 87 ہزار روپئے بتائی گئی ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی بھٹکل مضافاتی پولس تھانہ کےانسپکٹرچندن گوپال سمیت پولس کا عملہ جائےوقوع پر پہنچا اورضروری معلومات حاصل کی۔ پتہ چلا ہے کہ بائک پرسوار دونوں لُٹیروں کی عمرقریب 30 سال ہے، اُس میں سے ایک نے چکس والا شرٹ پہنا تھا۔ پولس انسپکٹر کے مطابق شرالی میں یہ واردات دوپہر قریب بارہ بجے پیش آئی۔
بھٹکل میں واردات پیش آنے کے کچھ ہی گھنٹوں میں ہوناورمیں بھی اسی طرح کی ایک واردات پیش آنے کی اطلاع ملی ہے۔ پتہ چلا ہے کہ ہوناور میں بھی ایک خاتون کے گلے سے سونے کا ہار لے کر بائک سوار فرار ہوگئے ہیں۔ پتہ چلا ہے کہ ہوناور کی واردات میں بھی ایک بائک سوار چکس والے شرٹ میں ملبوس تھا۔ معلوم ہوا ہے کہ ہوناور میں یہ واردات شام 6:30 بجے پیش آئی ہے۔
پولس ذرائع نے بتایا کہ 18 ستمبرکواسی طرح کی ایک واردات پڑوسی ضلع شموگہ کے ساگر میں بھی پیش آئی ہے۔ جبکہ اس سے قبل انکولہ اور سرسی میں بھی اسی طرح کی واردات پیش آنے کی خبر ساحل آن لائن پر دی جاچکی ہے۔
سمجھا جارہا ہے کہ چین چھین کر فرار ہونے کی یہ گینگ اب بھٹکل اور ہوناورمیں سرگرم ہے، پولس اس گینگ کے تعلق سے مزید معلومات جُٹانے میں لگی ہے البتہ عوام الناس سے چوکنا رہنے کی اپیل کی گئی ہے۔