ریاست کرناٹک میں پچھلے پانچ سالوں میں رہائشی اسکولوں کے 92 طلبہ کی ہوئی ہے مشکوک موت - 29 طلبہ نے کی تھی خودکشی
بیلگاوی 7 / دسمبر (ایس او نیوز) ریاستی لیجسلیٹیو اسمبلی کی شیڈولڈ کاسٹس اینڈ ٹرائبس ویلفیئر کمیٹی نے حالیہ اسمبلی سیشن میں جو رپورٹ پیش کی ہے اس کے مطابق گزشتہ پانچ سالوں میں کرناٹکا ریسیڈنشیل ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنس سوسائٹی (کے آر ای آئی ایس) کی طرف سے چلائے جا رہے اسکولوں اور کالجوں میں 92 طلبہ کی مشکوک حالت میں موت واقع ہوئی ہے جس میں 29 خودکشی کے معاملے بھی شامل ہیں ۔
پورٹ میں کہا گیا ہے کہ کچھ طلبہ کی موت اپنے گھر واپس لوٹتے وقت پراسرار انداز میں ہوئی ہے۔ کمیٹی نے ان واقعات کی تفصیلی اور مکمل جانچ کی سفارش کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کو والدین سے معلوم کرنا چاہیے کہ ڈائریکٹوریٹ آف سوِل رائٹس انفورسمنٹ نے ان معاملات کی جانچ کی ہے یا نہیں۔ اگر جانچ نہیں کی گئی ہے تو پھر حکومت کو اس کی پوری تحقیقات کروانی چاہیے۔
کمیٹی نے حکومت سے یہ بھی سفارش کی ہے کہ طلبہ، والدین اور اساتذہ کے لئے خصوصی کاونسیلنگ کی سیشنس منعقد کرے تاکہ خودکشی کے واقعات پر روک لگائی جا سکے۔