ممبئی، 22/جولائی (ایس او نیوز /ایجنسی) 60 افراد اتوار کو پکنک منانے بیلا پور کی پہاڑی پرگئے تھے جہاں وہ شدید بارش کے دوران پھنس گئے جنہیں بچالیا گیا۔ اطلاع کے مطابق نوی ممبئی میں اتوار کو 5گھنٹوں کے دوران دوپہر ڈیڑھ بجے تک ۸۳ء۳۸؍ ملی میٹر بارش ہوئی جس کے سبب واشی، نیرول اور سانپاڑہ اور دیگر علاقے زیرآب آگئے۔ حکام نے بتایا کہ بیلا پور میں آرٹسٹ کالونی کے پیچھے واقع پہاڑی پر تقریباً60 افراد جوپکنک منانے گئے تھے، پھنس گئے۔
نوی ممبئی میونسپل کارپوریشن (این ایم ایم سی) کے پی آر او کے مطابق اس بارے میں اطلاع ملنے کے بعد فائر بریگیڈ، پولیس اور نوی ممبئی ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈپارٹمنٹ کی ٹیمیں وہاں پہنچیں۔ انہوں نے یہ بھی کہاکہ رسیوں کا استعمال کرتے ہوئے ان افراد کو بچانے کا کام کیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ تربھے علاقے میں بھی ایک انڈسٹریل یونٹ کے پیچھے پانی میں کچھ لوگ پھنسے ہوئے ہیں اور انہیں بھی بحفاظت نکالنے کی کوششیں جاری ہیں۔