صنعاء 8 مارچ (ایس او نیوز)بحر احمر میں ایک کشتی اُلٹ جانے کے نتیجے میں 21 لوگ ہلاک ہوگئے جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق حادثہ مشرق وسطیٰ ایشیائی ملک یمن کے شمال مغربی ساحل پر بحیرہ احمر میں پیش آیا۔ ضلع کونسل کے ایک اہلکار اکرم الاحد نے بتایا کہ یہ حادثہ منگل کی سہ پہر حدیدہ بندرگاہی شہر کے شمالی حصے میں ضلع اللحیہ کے نزدیک بحیرہ احمر میں پیش آیا۔ انہوں نے بتایا کہ کشتی میں 27 مسافر سوار تھے۔ جس میں سے 21 لوگوں کی موت واقع ہوئی ہے۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق تمام مقامی باشندے یمن کے بڑے کامران جزیرے پر ایک رشتہ دار کی شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے جا رہے تھے۔ جس کے دوران بیچ سمندر میں کشتی اُلٹ گئی۔ مرنے والوں میں 12 خواتین، سات بچے اور دو مرد شامل ہیں۔ حادثے میں بچ جانے والے چھ افراد کو ابتدائی طبی امداد کے لیے حدیدہ شہر کے الثورہ اسپتال لے جایا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ حادثہ طوفانی ہوا کی وجہ سے پیش آیا۔
واضح رہے کہ سال 2021 میں یمن میں کشتی الٹنے سے 25 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔جبکہ اس سال کے فروری میں اطالوی ساحل کے قریب آئے طوفان میں 100 سے زائد افراد کو لے جانے والی کشتی الٹ گئی تھی اور کم از کم 58 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
English Report:
21 killed as boat capsizes off Yemen's Red Sea coast