وزیر کی ہدایت پر محکمہ ابپاشی انجینئر نے لیا شرابی ندی کا جائزہ؛ ندی سے کیچڑ اور مٹی نکال کر تیس فٹ گہرا کرنے اور ندی کنارے پچنگ کرانے پر ذمہ داران نے دیا زور
بھٹکل 7 جولائی (ایس او نیوز)اُترکنڑا ضلع انچارج وزیر منکال وئیدیا کی ہدایت پر محکمہ چھوٹی ابپاشی انجینررجنی تیلیکر اور انسپکٹر لوکیش نے جمعہ کو بھٹکل شرابی ندی کنارے پہنچ کر ندی کی صفائی اور پچنگ کے تعلق سے مقامی لوگوں سے معلومات حاصل کی اوربتایا کہ وہ اس تعلق سے ڈپٹی کمشنر کو رپورٹ دیں گے۔
قومی سماجی ادارہ مجلس اصلاح و تنظیم کے صدر عنایت اللہ شاہ بندری، رابطہ سوسائٹی کے جنرل سکریٹری عتیق الرحمن منیری، میونسپل کونسلرس قیصر محتشم، فیاض مُلا اور سابق کونسلر اشفاق کے ایم نے انجینر رجنی کو دکھایا کہ شرابی ندی کے ایک طرف کس طرح پچنگ کرائی گئی ہے، جبکہ مسلم آبادی والے حصہ کی طرف پچنگ نہ ہونے سے ندی سے پانی اُبل کر پورے علاقہ کو ڈبو سکتا ہے۔ ذمہ داران نے ندی کی صفائی اور اسے گہرا کرنے کے تعلق سے بھی انجینیر کو تفصیلا ت سے آگاہ کرایا اور درخواست کی کہ وہ اس تعلق سے مکمل رپورٹ جلد سے جلد ڈپٹی کمشنر کو سونپیں۔ انجینئر اور انسپکٹر کو بتایا گیا کہ کس طرح ندی میں ڈرینیج کا گندہ پانی چھوڑا جارہا ہے اور ندی گٹر میں تبدیل ہورہی ہے۔ جبکہ ندی کے صرف ایک کنارے پر پچنگ کرانے سے دوسرے کنارے رہنے والوں کو کس طرح کے مسائل پیش آسکتے ہیں۔ ڈرینیج کا پانی ایک پائپ کے ذریعے ندی کے اندر سے کافی دور تک لے جانے کے تعلق سے بھی غور کیا گیا تاکہ ڈرینج کا گندہ پانی ندی میں چھوڑے جانے کی صورت میں ندی کے اطراف رہنے والوں کو کسی طرح کا کوئی مسئلہ پیش نہ آسکے۔
اس موقع پر علاقہ کے ذمہ داران سمیت بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن، تنظیم اور رابطہ سوسائٹی کے دیگر ذمہ داران عزیزالرحمن رکن الدین ندوی، جیلانی شاہ بندری، محی الدین رکن الدین وغیرہ موجود تھے۔
یا د رہے کہ جمعرات کو اُترکنڑا انچارج وزیر منکال وئیدیا نے بارش سے ہونے والے نقصانات اور سرکاری اقدامات کا جائزہ لینے سرکاری افسران کے ساتھ ایک ہنگامی میٹنگ کا انعقاد کیا تھا جس میں مقامی میونسپل کونسلر قیصر محتشم اور قومی سماجی ادارہ مجلس اصلاح و تنظیم کے صدر عنایت اللہ شاہ بندری نے شرابی ندی کی صفائی اور ندی کنارے پیچنگ کرانے کا مطالبہ رکھا تھا، اس تعلق سے وزیر نے محکمہ چھوٹی ابپاشی انجینر کو ہدایت دی تھی کہ وہ اگلے ہی دن یعنی جمعہ کو شرابی ندی کاجائزہ لینے موقع پر جائیں اورندی کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ عوام کے کیا مطالبات ہیں اور عوام کے مسائل کو کس طرح حل کئے جاسکتے ہیں ، اُس طرف توجہ دیتے ہوئے اپنی رپورٹ ڈی سی کو پیش کریں۔
Engineer Surveying Bhatkal Sharabi River Urged to Address Cleaning and Deepening Concerns