بھٹکل 9 / مئی (ایس او نیوز) انجمن آرٹس، سائنس، کامرس اینڈ پی جی سینٹر کی اسٹوڈینٹ ویلفیئر ونگ اور نما ناڈا اوکوٹا کی جانب سے پی یو سی پاس طلبہ کے لئے کریئر گائڈینس اور اسکالرشپ سے متعلق بیداری کے لئے ایک خصوصی پروگرام منعقد ہوا ۔
حکومت کرناٹکا کی ہائیر ایجوکیشن کاونسل کے رکن اور 'سگما' کے بانی و سی ای او مشہور کریئر گائڈ، کاونسلر، مینٹر اور کوچ جناب امین مدثر صاحب نے وسیلہ (ریسورس پرسن) کے بطور طلبہ سے خطاب کیا اور ان کی رہنمائی کی ۔ انہوں نے طلبہ کو اپنی قابلیت اور صلاحیتیں پہچاننے اور اپنی تعلیم اور زندگی سے توقعات کو سمجھنے کے بعد اپنی عملی زندگی کی مناسب راہ منتخب کرنے کا مشورہ دیا ۔ انہوں نے اجلاس میں حاضر تقریباً دو سو طلبہ سے کہا کہ پہلے اپنی زندگی کا مقصد اور گول طے کرلیں اور پھر اس مقصد کو پانے کے لئے ضروری اقدامات کریں ۔
مہمان موصوف نے جدید زمانے کی ترقی یافتہ نسل کے لئے دستیاب عملی زندگی کے مختلف مواقع اور میدانات کا خلاصہ پیش کیا ۔ اس کے علاوہ اعلیٰ تعلیمی مرحلوں کو پورا کرنے کے لئے دستیاب بہت ساری اسکالرشپ اسکیموں کے تعلق سے آگاہی دی اور ان سے مستفیض ہونے کے سلسلے میں رہنمائی کی ۔ سیشن کے آخر میں موصوف سے طلبہ کے سوالات کے جوابات دئے ۔
اسٹوڈنٹ ویلفیئر آفیسر غانم محتشم کی صدارت میں اس اجلاس کا آغاز سید عبدالمنان سابق یوجی کی تلاوت سے ہوا ۔ محمد نفاف منیگار نے استقبالیہ پیش کیا ۔ محی الدین اصباح نے کالج کے انفرا اسٹرکچر، سہولیات اور خصوصیات پر مبنی تعارفی خاکہ پیش کیا ۔ یو جی سیکشن کے محمد نہال نے پروگرام کی نظامت کی جبکہ اسماعیل ایکیری نے ہدیہ تشکر پیش کیا ۔
اس موقع پر انجمن ڈگری کالج کے پرنسپال جناب مشتاق شیخ، نما ناڈا اوکوٹا کے حسین ہائکاڑی، انجمن حامئی مسلمین کے نائب صدر جناب صادق پلور و دیگر حضرات موجود تھے۔