بھٹکل 13/ستمبر: (ایس او نیوز)18 ستمبر کو تعلقہ بھر میں منائی جانے والی گنیش چترتھی کے موقع پر بھٹکل مضافاتی پولس تھانہ میں بدھ کو پیس میٹنگ کا انعقاد کیا گیا جس میں پولس کی طرف سے عوام الناس سے درخواست کی گئی کہ وہ قانون کی مکمل پاسداری کرتے ہوئے تہوار پورے جوش وخروش کے ساتھ منائیں، اعلیٰ پولس حکام نے ذمہ داران پر زور دیا کہ گنیش کا جلوس نکلنے کے دوران دوسروں کو تکلیف نہ پہنچنے پائے اور کسی بھی مرحلے میں کچھ دشواری پیش آتی ہے تو معاملے کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کریں یا پھر فوری پولس کو خبر کریں۔ حکام نے تاکید کی کہ کسی بھی صورت میں قانون کو ہاتھ میں لینے کی کوشش نہ کی جائے۔
مختلف کمیونٹی کے ذمہ داران کے ساتھ منعقدہ پیس میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے بھٹکل سب ڈیویژن کے ڈپٹی سپرینٹنڈینٹ آف پولس مسٹرکے شری کانت نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گنیش تہوار کے موقع پر ڈی جے کی اجازت نہیں ہوگی، لہٰذا ڈی جے کا استعمال نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ تہوار کے موقع پر پولس سے پرمیشن لے کر مائک یا اسپیکر کا استعمال کیا جاسکتا ہے، البتہ ڈی جے کے استعمال کی اجازت نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کی طرف سے سخت ہدایات جاری کی گئی ہیں جس کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
شری کانت نے واضح کیا کہ محکمہ پولیس کی طرف سے عوام پر کسی طرح کی کوئی نئی پابندی عائد نہیں کی جارہی ہے۔ قانون کی پاسداری کرنا اور امن وامان کے ساتھ تہوار منانے کے لئے محکمہ پولیس کے ساتھ عوام کا تعاون ضروری ہے۔ انہوں نے منتظمین سے کہا کہ گنیش کا جلوس نکالنے کے دوران مختلف جگہوں پر سی سی ٹی وی کیمروں کو نصب کرنے کی کوشش کریں۔ اپنے والنٹیرس کو متحرک رکھیں۔ انہوں نے کئی دیگر تجاویز بھی پیش کرتے ہوئے پورے سکون کے ساتھ اور امن وامان کے ساتھ تہوار منانے عوام الناس سے درخواست کی۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی طرح کی گڑبڑہونے کی صورت میں پولیس سے رابطہ کیا جانا چاہئے۔
بھٹکل مضافاتی پولس تھانہ کے انسپکٹر گوپال چندن نے مختلف برادران اور کمیونٹی لیڈران کا استقبال کرتے ہوئے ضروری ہدایات پڑھ کر سنائیں انہوں نے کہا کہ پورے ضلع اُترکنڑا میں کہیں پر بھی گنیش تہوار کے دوران ڈی جے کے استعمال پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھٹکل میں بھی ڈی جے کے استعمال کی اجازت نہیں ہوگی، اگر کوئی قانون کو توڑتے ہوئے ڈی جے کا استعمال کرے گا تو اُس کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا اور قانونی کاروائی ہوگی۔
رورل پولس تھانہ کے پی ایس آئی شریدھر نائک نے کلمات تشکر پیش کیا۔
میٹنگ میں ہیسکام کے مضافاتی سیکشن آفسر شیکھر پجاری، جالی پٹن پنچایت کے چیف آفسر منجپا سمیت دیگر کئی پولس اہلکار موجود تھے۔
بتاتے چلیں کہ منگل کو بھٹکل ٹاون پولس تھانہ کی طرف سے اربن بینک ہال میں بھی پیس میٹنگ کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں کاروار سے ضلع کے ایس پی وشنووردھن نے شرکت کی تھی۔