انکولہ ہوائی اڈے کے لئے زمین سے محروم ہونے والے کسانوں کو حکومت دے گی 5 گُنٹہ زمین
انکولہ 21 / اکتوبر (ایس او نیوز) انکولہ میں مجوزہ ہوائی اڈے کی تعمیر کے لئے اپنی زمینوں سے محروم ہونے والے کسانوں کو ریاستی حکومت نے فی کس پانچ گُنٹہ زمین دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ انکولہ میں مجوزہ ایئر پورٹ کے لئے تحویل اراضی اور مختلف انفرا اسٹرکچر فراہم کرنے والے اس منصوبے سے متعلق جائزہ لینے کے لئے آج وزیر اعلیٰ سدارامیا نے بینگلورو میں میٹنگ منعقد کی ۔ اس میٹنگ میں ایئر پورٹ منصوبے میں اپنی زمینوں سے محروم ہونے والوں کو اتفاق رائے سے پانچ گنٹہ زمین دینے کا فیصلہ کیا گیا ۔
میٹنگ کے بعد اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے اتر کنڑا ضلع انچاج وزیر منکال وئیدیا نے کہا کہ اپنی زمین سے محروم ہونے والوں کو متبادل زمین فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ محروم ہونے والوں کو معاوضہ فراہم کرنے میں کوئی تفریق اور امتیازی سلوک نہ ہو، اس مقصد کے تحت سب کو یکساں معاوضہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ اس منصوبے کی وجہ سے جو لوگ بے گھر ہوئے ہیں ان کے لئے سائنٹفک انداز میں سروے کرکے انہیں معاوضہ فراہم کیا جائے گا ۔ ریاستی حکومت کی طرف سے مقامی افراد کو روزگار مہیا کرنے کا بھی بھروسہ دلایا گیا ہے ۔ وزیر اعلیٰ کی میٹنگ میں بہت ہی مثبت فیصلے ہوئے ہیں ۔ کسانوں کے ساتھ ناانصافی نہ ہو، اس بات کو ذہن میں رکھ کر کچھ فیصلے کیے گئے ہیں ۔ معاوضہ کی ادائیگی یا سروے کے کام میں ہونے والی کوتاہیوں کو درست کیا جائے گا ۔ منصوبے پر عمل در آمد کے لئے حکومت کی طرف سے جلد ہی اقدامات کیے جائیں گے ۔
اس میٹنگ میں وزیر ماہی گیر و بندرگاہ منکال وئیدیا کے علاوہ انڈسٹریز اور انفرا اسٹرکچر ڈیولپمنٹ کے وزیر ایم بی پاٹل ، کاروار رکن اسمبلی ستیش سئیل، وزیر اعلیٰ کے سیاسی سیکریٹری نصیر احمد، محکمہ انفرااسٹرکچر ڈیولپمنٹ کے ایڈیشنل چیف سیکریٹری گورَو گپتا، وزیر اعلیٰ کے سیکریٹری ضیاء اللہ ، محکمہ مالیات کے سیکریٹری پی سی جعفر، محکمہ انفرااسٹرکچر کے جوائنٹ سیکریٹری ھیفسیبا رانی کورلا پاٹی کے علاوہ دیگر اعلیٰ افسران موجود تھے ۔
Bhatkal: Farmers affected by Ankola Airport Project to receive 5 guntas of land from Government