قائد قوم ڈاکٹر ایس ایم سید خلیل صاحب کی حیات و خدمات پرمشتمل بھٹکل مسلم خلیج کونسل کی ڈوکومینٹری عوام کے لئے جاری
بھٹکل 26 جون (ایس او نیوز) قائد قوم ڈاکٹر ایس ایم سید خلیل صاحب جنہیں بھٹکل مسلم خلیج کونسل نے دبئی میں منعقدہ ایک شاندار پروگرام میں افتخار قوم سے نوازا تھا اور اُن کی حیات و خدمات پرمشتمل ایک ڈوکومینٹری پروگرام میں موجود شرکاء کے گوش گذار کیا تھا، وہ ڈوکومینٹری آج باضابطہ طور پر عوام کے لئے جاری کی گئی ہے اور ڈوکومینٹری کے ذریعے ایس ایم سید خلیل الرحمن صاحب کی خدمات کی زبردست سراہنا کی گئی ہے۔
بھٹکل رابطہ ہال میں پریس کانفرنس کا انعقاد کرتے ہوئے بھٹکل مسلم خلیج کونسل کے سکریٹری جنرل جناب عتیق الرحمن مُنیری نے ڈوکومینٹری جاری کی اور سید خلیل الرحمن صاحب کی خدمات کی ستائش کرتے ہوئے نوجوان نسل پر زور دیا کہ وہ ڈوکومینٹری دیکھ کر کامیابی حاصل کرنے کا گُر سیکھنے کی کوشش کریں۔انہوں نے کہا کہ خلیل صاحب کے لئے زندگی پھولوں کی سیج نہیں تھی، وہ آرام اور راحت سے پہلے زندگی کی مشکل دور سے گذر چکے ہیں، مزید بتایا کہ خلیل صاحب نے کس طرح یتیمی کی حالت میں سخت محنت اور جدوجہد کرتے ہوئے تعلیم کے اعلی ٰ مراحل پار کئے اوربعد میں کس طرح کامیابی ان کے قدم چومنے لگی، اس کی مکمل تفصیلات اس ڈوکومینٹری میں پیش کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ چھ ماہ قبل 10 ڈسمبر کو دبئی میں بھٹکل مسلم خلیج کونسل کے زیر اہتمام ایک فائیو اسٹار ہوٹل میں ڈاکٹر ایس ایم سید خلیل الرحمن صاحب کی خدمات کے اعتراف میں اُنہیں افتخار قوم سے نوازتے ہوئے ان کی تہنیت کی گئی تھی اور اُن کی حیات و خدمات پر ڈوکومینٹری کو بڑے اسکرین پر ڈسپلے کرایا گیا تھا، جس کے بعد پروگرام میں شریک ذمہ داران قوم نے خلیل صاحب کے کارنامے دیکھ کر دنگ رہ گئے تھے اور انہیں زبردست داد و تحسین سے نوازا تھا۔ آج پیر کو منعقدہ پریس کانفرنس میں اُسی ڈوکومینٹری کو عوام کے لئے جاری کی گئی ہے۔ یہ ڈوکومینٹری ساحل آن لائن کے یوٹیوب چینل پر دیکھی جاسکتی ہے۔
بتاتے چلیں کہ بھٹکل مسلم خلیج کونسل، گلف میں قائم بھٹکل کی دس مسلم جماعتوں پر مشتمل ہے، جس کے تحت ہر سال بھٹکل کےہونہار بچوں کو رابطہ تعلیمی ایوارڈ کے نام سے گولڈ میڈل دیا جاتا ہے اور اُن کی بہترین انداز میں ہمت افزائی کی جاتی ہے۔ اور بقول جناب عتیق الرحمن مُنیری اِس بار یہ ایوارڈ پروگرام 30 جولائی کو منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پریس کانفرنس میں بھٹکل مسلم خلیج کونسل کے محاسب آفاق نائطے اور عبدالسمیع کولا بھی موجود تھے۔