بھٹکلی لڑکی کا معجزاتی طور پر قرآن حفظ کرنے کا سفر؛ نونہال اسکول ٹیچر کی محنت رنگ لائی
بھٹکل 30 جولائی (ایس او نیوز) قرآن حکیم، اللہ رب العزت کا عظیم تحفہ ہی نہیں بلکہ یہ ایک معجزہ بھی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ دنیا بھر کے لوگ جن کی مادری زبان عربی نہیں ہوتی، اس کے باوجود اس ضخیم کتاب کو حفظ کرلیتے ہیں۔ عزم و استقامت کے شاندار مظاہرے میں نہ صرف چھوٹے بچے بلکہ بصارت سے محروم افراد بھی قرآن کو حفظ کرنے اور اس کی آیات کو اپنے دلوں میں محفوظ کرنے کا کارنامہ انجام دے رہے ہیں۔
اس کرشماتی قرآنی حفظ کی ایک روشن مثال بھٹکل سے ملتی ہے، جہاں ایک نوجوان طالبہ نے اعصابی بیماری میں مبتلا ہونے اور جسمانی مجبوریوں کا سامنا کرنے کے باوجود اپنے پختہ عزم کی بنیاد پر چار سال کی مختصر مدت میں کامیابی کے ساتھ پورا قرآن حفظ کرلیا۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ حفظ مکمل کرنے والی اس طالبہ کے لئے بڑا مسئلہ یہ تھا کہ وہ ٹھیک سے دیکھ کر پڑھ نہیں سکتی، لیکن اس نے اپنی استانی کی تلاوت کو پوری توجہ سے سن کر اس رکاوٹ کو دور کیا۔
یہ غیر معمولی کامیابی بھٹکل کے نونہال سینٹرل اسکول کے شعبہ حفظ قرآن میں داخلہ لینے والی 18 سالہ طالبہ عد يسه بنت آصف صوبیدار نے حاصل کی ہے، جس پر اسے آج اتوار کو اسکول میں منعقدہ خصوصی پروگرام میں اعزاز سے نوازا گیا۔
نونہال سینٹرل اسکول کی ہیڈ مسٹریس گُل آفروزکولا نے بتایا کہ عُظمیٰ نامی ایک خاتون جب اپنی دُختر عد يسه کو چارسال قبل ہمارے اسکول لے کر آئی اورہمیں اس کی حالت کے بارے میں بتایاتو ہم بے یقینی کا شکار تھے کہ اس کی تعلیم کو کیسے آگے بڑھایا جائے۔ تاہم اُس کی والدہ نے جب ہمیں بتایا کہ وہ اپنی لڑکی کو قران کی حافظہ بنانا چاہتے ہیں ایسے میں لڑکی عد يسه نے بھی خوداعتمادی کے ساتھ اس مقصد کو حاصل کرنے کے لیے اپنے عزم کا اظہار کیا تو اس کی غیر متزلزل لگن اور جذبے کو دیکھتے ہوئے ہماری استانی ، زینب پروین ایس جے نے اس کو ایک چیلنج کے طور پر لیا اور لڑکی کو صرف سماعت کے ذریعے قران حفط کرانے میں کامیابی حاصل کرلی۔
نونہال سینٹرل اسکول کا شمار بھٹکل کے بہترین اسکولوں میں ہوتا ہے۔ کئی سال تک میٹرک میں اس اسکول کے نتائج صد فیصد آتے رہے ہیں، عصری تعلیم کے اس اسکول میں سن 2010 میں قران حفظ کرنے کا ایک شعبہ قائم کیاگیا۔ اور عصری تعلیم حاصل کرنے والی جن طالبات نےحفظ کرنے میں بھی دلچسپی دکھائی ، اُنہیں حفظ کے کلاس میں شامل کرایا گیا۔ اب تک پچاس سے زائد طالبات اسکول میں ہی قران کے حفظ کی سعادت حاصل کرچکی ہیں۔
Defying the Odds: Bhatkal Girl's Miraculous Quran Memorization Journey