بھٹکل،17 / ستمبر (ایس او نیوز) ملک کے معروف سیاحتی مقام مرڈیشور سے میسور ہوتے ہوئے بینگلورو کے لئے نئی ایکسپریس ٹرین کی آج اتوار 17 ستمبر سے شروعات کی گئی ہے جو ہفتے میں ساتوں دن چلے گی۔
اُترکنڑا ریلوے سمیتی اور کنداپور ہیتارکھشنا سمیتی کے ذمہ داران نے بتایا کہ اُن کی مشترکہ کو ششوں کے نتیجے میں اُترکنڑا کے مرڈیشور سے میسور کے لئے پہلی ٹرین سروس کی شروعات کی گئی ہے جو مرڈیشور سے بھٹکل، کنداپور، اُڈپی اور مینگلور ہوتے ہوئے میسور جائے گی اور میسور سے یہ ٹرین بینگلورو پہنچے گی۔ نئی ٹرین کو ہری جھنڈی دکھانے کے لئے مرڈیشور ریلوے اسٹیشن پر موجود دونوں کمیٹیوں کے ذمہ داران کا کہنا تھا کہ کونکن ریلوے سے زیادہ تر فائدہ صرف ریاست کیرالہ کو پہنچ رہا ہے حالانکہ کرناٹک والوں نے بھی کونکن ریلوے پروجکٹ کے لئے اپنی زمینات دی ہیں۔ اس لئے ضروری ہے کہ کرناٹک کے عوام کو بھی کونکن ریلوے سے فائدہ پہنچے۔ مرڈیشور ایک اہم سیاحتی مقام ہے اور یہاں سے ریاست کی راجدھانی کو جوڑنے کے لئے ٹرین کی اشد ضرورت تھی جو آج پوری ہو گئی ہے۔ اُترکنڑا ریلوے سمیتی والوں نے بتایا کہ ان کا اگلا نشانہ اس ٹرین کو گوکرن تک توسیع دینا ہے کیونکہ گوکرن بھی کرناٹک کا اہم سیاحتی مقام ہے۔
Tourist Route Expanded: Murdeshwar-Bangalore via Mysore Train on daily basis inaugurated
کونکن ریلوے کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ ہفتے میں چھ دن چلنے والی ٹرین نمبر 16585 بینگلورو کے سر۔ ویشویشوریا ٹرمنل سے نکل کر میسورو ہوتے ہوئے منگلورو سینٹرل ٹرمنل تک پہنچتی تھی، اب اسی ٹرین کو مرڈیشور تک توسیع دی گئی ہے اور اب یہ ٹرین ہفتے کے ساتوں دن چلے گی۔
اسی طرح ایکسپریس ٹرین نمبر 16586 جو منگلورو سینٹرل سے بینگلورو کے لئے روانہ ہوتی تھی، اب یہ ٹرین مرڈیشور سے اپنا سفر شروع کرے گی جس کی شروعات آج یعنی 17 ستمبر سے کی گئی ہے۔
طے شدہ ٹائم ٹیبل کے مطابق ٹرین نمبر 16585 بینگلورو کے سر وشویشوریا ٹرمنل سے رات 8:15 بجے نکلے گی، رات 11:30 بجے میسور پہنچے گی، صبح 8:55 کو مینگلور پہنچے گی۔ مینگلور سینٹرل سے یہ ٹرین 9:20 کو نکلے گی، 10:32 کو سورتکل، 11:18کو اُڈپی ، 11:54 کو کنداپور، 12:56 کو بھٹکل اور دوپہر 1:35 کو مرڈیشور پہنچے گی۔
اسی طرح ایکسپریس ٹرین نمبر 16586 دوپہر 2:10 کو مرڈیشور سے نکلے گی، 14:22 کو بھٹکل، 15:08 کو کنداپور، 15:48 اُڈپی، 16:50 سورتکل اور 18:05 کو مینگلور پہنچے گی۔ مینگلور سے 18:35 کو نکلے گی اور دیر رات 3:15 کو میسور اور صبح 7:15 بجے بینگلور پہنچے گی۔
میسورو سے ہوکر گزرنے والی اس ٹرین کے لئے حسب سابق پڈیل اور میسورو میں اسٹاپ رہے گا ۔ اس کے علاوہ اضافی طور پر اب سورتکل، مُلکی، اڈپی، بارکور، کنداپور، بیندوراور بھٹکل میں بھی اس ایکسپریس ٹرین کے لئے اسٹاپ رہے گا ۔
اس ٹرین میں 19 کوچ ہیں جس میں ایک فرسٹ کلاس اے سی، ایک ٹو ٹائر اے سی ، تین تھری ٹائر اے سی، 9 سلیپر کوچ، 4 جنرل بوگی اور دو ۔ایس ایل آر بوگیاں شامل ہیں ۔
مرڈیشور میں نئی ٹرین کو ہری جھنڈی دکھانے کے موقع پر کنداپور ہیتا رکھشنا سمیتی کے صدر گنیش پوترن، گوتم، ویویک نائک اور اُترکنڑا ریلوے سمیتی کے صدر راجو گاونکر، جارج فرنانڈیز، ایس ایس کامتھ ، شنکر دیواڑیگا اور دیگرکئی اراکین موجود تھے۔