بھٹکل: 13؍جون(ایس اؤ نیوز )انکولہ تعلقہ کے ہٹی کیری میں بی جےپی کی جانب سے 3مئی کو انتخابی تشہیری اجلاس منعقد ہواتھا۔ جس میں وزیراعظم نریندرمودی نے شریک ہوکر بھاشن دیا تھا۔ اجلاس کےلئے ضلع کے تمام چھ اسمبلی حلقوں سے سیکڑوں لوگوں کو بسوں کے ذریعے ریلی میں لایا گیاتھا ۔ لیکن پتہ چلا ہے کہ الیکشن کمیشن کی منظوری کے بغیربس ریزروکئے گئے تھے، جس کو لے کرمختلف اسمبلی حلقوں کے الیکشن آفسرس نے جملہ 192 بی جےپی لیڈروں اور کارکنوں کے خلاف پولس تھانہ میں ایف آئی آر درج کئے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ سب سے زیادہ کیس کمٹہ پولس تھانہ میں درج کئے گئے ہیں جہاں 78 لوگوں کے خلاف ایف آئی آر درج ہوئی ہیں، کاروارمیں 12، بھٹکل میں 16، یلاپورمیں22 سرسی میں46 اور ہلیال میں 18 کارکنوں کے خلاف کیس درج کئے گئے ہیں۔
ذرائع کےمطابق انتخابی ٖضابطہ اخلاق لاگو ہونے کے باوجود وزیراعظم نریندرمودی کے شرکت کردہ اجلاس کے لئے الیکشن آفسر سے منظوری لئے بغیرعوام کو بسوں کے ذریعے انکولہ جائے مقام پر لے جایاگیا تھا۔ ٹرانسپورٹ محکمہ کی جانکاری کے مطابق اس تعلق سے بی جے پی امیدواروں کو نوٹس جاری کی گئی تھی۔ لیکن نوٹس کا جواب دیتےہوئے بی جےپی امیدواروں نے بتایا کہ انہوں نے بسوں کوریزرو نہیں کرایاتھا، بلکہ مودی کے حمایتی لوگوں نے ان بسوں کا انتظام کیا تھا، اس طرح الیکشن آفسروں کی ہدایت پرپولس نے اُن لوگوں پر کیس درج کیا ہے، جنہوں نے ان بسوں کوریزرو کرایا تھا۔
PM Modi's Program Leads to FIRs Against BJP workers in Uttara Kannada